نوین الحق نے کوہلی‘کوہلی کے نعروں پر خاموشی توڑی
نوین الحق نے کہاکہ میں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ مجھے یہ اچھا لگتاہے جب میدان میں کوئی بھی اپنے (ویراٹ کوہلی) کا نام یا کسی دوسرے کھلاڑی کا نعرہ لگاتا ہے۔ اس سے مجھے اپنی ٹیم کیلئے اچھا کھیلنے کا جذبہ ملتا ہے۔

چینائی: لکھنو سوپر جائنٹس کے تیز گیند باز نوین الحق اکثر بحث میں رہتے ہیں۔ لکھنو سوپر جائنٹس اور ممبئی انڈینس کے درمیان کھیلے گئے الیمنیٹر میچ میں بھی نوین نے اپنے جشن سے کافی سرخیاں بنائیں۔ نوین نے میچ میں ممبئی کے کپتان روہت شرما کو آؤٹ کرکے انتہائی منفرد انداز میں جشن منایا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کوہلی، کوہلی کے نعروں کے حوالے سے خاموشی توڑی۔ یکم مئی کو لکھنو اور بنگلور کے درمیان کھیلے گئے میچ میں نوین الحق اور آر سی بی کے ویراٹ کوہلی کے درمیان میدان پر جھگڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد سے نوین الحق ہر جگہ چھائے ہوئے ہیں۔
اس تنازعہ کے بعد لکھنو کے تیز گیند باز کو کافی ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ نوین کو اپنی انسٹاگرام پوسٹس کے کمنٹس کو بند کرنا پڑا۔ تاہم اس کے بعد نوین نے بالواسطہ طورپر کئی بار آر سی بی کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گئے الیمنیٹر میچ کے بعد نوین الحق نے اپنی خاموشی توڑی اور کئی چیزوں پر ردعمل کا اظہار کیا۔
نوین الحق نے کہاکہ میں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ مجھے یہ اچھا لگتاہے جب میدان میں کوئی بھی اپنے (ویراٹ کوہلی) کا نام یا کسی دوسرے کھلاڑی کا نعرہ لگاتا ہے۔ اس سے مجھے اپنی ٹیم کیلئے اچھا کھیلنے کا جذبہ ملتا ہے۔ نوین نے مزید کہاکہ میں باہر کی طرف دھیان نہیں دیتا اور نہ ہی باہر سے شور ہوتا ہے یا کسی اور چیز پر۔
میں صرف اپنی کرکٹ اور اپنے عمل پر توجہ دیتا ہوں۔ ہجوم کے نعرے لگانے یا کچھ کہنے سے مجھ پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ایک پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے آپ کو اسے اپنی پیش قدمی میں لینا ہوگا۔ جب آپ اپنی ٹیم کیلئے اچھا نہیں کریں گے تو شائقین آپ کے خلاف ہوں گے۔ جب آپ اپنی ٹیم کیلئے اچھا کام کریں گے تو وہی لوگ آپ کا نام لیں گے۔ بنیادی طورپر یہ کھیل کا حصہ ہے۔