جھوٹا وزیراعظم کبھی نہیں دیکھا:سدارامیا
چیف منسٹر کرناٹک نے کہا کہ ہم سبھی کو ملک‘دستور اور جمہوریت کو بچانے ایک اور جدوجہد آزادی شروع کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں‘ امبیڈکرکی وجہ سے چیف منسٹربناہوں۔

سانگلی: چیف منسٹرکرناٹک سدارامیا نے اتوار کے دن نریندرمودی کی مرکزی حکومت کو نشانہئ تنقید بنایا اور دعویٰ کیاکہ اپنے 40 سالہ سیاسی کیرئیر میں انہوں نے ایسا وزیراعظم نہیں دیکھا جو ”جھوٹ“ بولتا ہو۔ مہاراشٹرا کے ضلع سانگلی میں ایک ریالی سے کنڑا میں خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹرنے بی جے پی پر کرناٹک میں کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائدکیا۔
انہوں نے کہا کہ ہرکانگریسی ورکر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نریندرمودی حکومت کو ہرائے اور دستور وجمہوریت کو بچائے۔ سدارامیا نے کہا کہ میں نے اپنے 40 سالہ سیاسی کیرئیر میں کبھی بھی ایسا وزیراعظم نہیں دیکھا جو جھوٹ بولتا ہو۔
2014ء میں مودی نے لوگوں کے بینک کھاتوں میں 15لاکھ روپئے جمع کرنے‘دوکروڑ نوکریاں دینے اور اچھے دن لانے کا وعدہ کیاتھا۔ کانگریس قائدنے مجمع سے سوال کیاکہ کیا ایسا ہوا؟ مہاراشٹرا میں اسمبلی الیکشن آئندہ سال ہونے والا ہے۔
چیف منسٹر کرناٹک نے کہا کہ ہم سبھی کو ملک‘دستور اور جمہوریت کو بچانے ایک اور جدوجہد آزادی شروع کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں‘ امبیڈکرکی وجہ سے چیف منسٹربناہوں۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ آرایس ایس قائد ایم ایس گولوالکراورہندوتوانظریہ سازوی ڈی ساورکر نے دستور کی مخالفت کی تھی۔ کانگریس دستور بدلنے نہیں دے گی اور تمام پارٹی ورکرس کو اسے بچانے کیلئے کوئی بھی قربانی دینے تیار رہناچاہئیے۔