تلنگانہ

کشن ریڈی جیسا بے بس مرکزی وزیر کو آج تک نہیں دیکھا۔ کے ٹی آر کا ٹوئٹ

کے ٹی راما راؤ نے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ شرمناک بات یہ ہے کہ مرکز نے اے پی تنظیم جدید ایکٹ میں تلنگانہ اور نہ ہی اے پی سے کئے گئے ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ساتھ مرکزی حکومت کے امتیازی رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے کارگذار صدر و ریاستی وزیر بلدی نظم نسق وشہری ترقیات و آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے یہ بتائیں کہ مرکز کی بی جے پی حکومت، تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں سے کیوں مکر گئی۔

کے ٹی راما راؤ نے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ شرمناک بات یہ ہے کہ مرکز نے اے پی تنظیم جدید ایکٹ میں تلنگانہ اور نہ ہی اے پی سے کئے گئے ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا۔

انہوں نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریڈی، جھوٹے دعوؤں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”ڈیر کشن ریڈی گارو! میں، بھائی کی طرح آپ کا احترام کرتا ہوں مگر گمراہ کن معلومات دینے والا اور بے بس مرکزی وزیر کو آج تک نہیں دیکھا ہوں“۔

انہوں نے کہا کہ آپ (کشن ریڈی) نے یہ اعلان کیا تھا کہ حکومت ہند نے تلنگانہ کیلئے 9 میڈیکل کالجوں کی منظوری دی ہے۔ آپ کا یہ اعلان سراسر جھوٹ ہے۔ آیا آپ میں معذرت خواہی کی ہمت ہے؟۔

کے ٹی آر نے ماضی میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کی جانب سے کئے گئے ٹوئٹس جو تلنگانہ میں 9 میڈیکل کالجس کی منظوری سے متعلق دعوی کے بارے میں تھے، کی تصاویر کو شیئر کیا۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی پر تنقید کے سلسلہ کوجاری رکھتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ یہ بی جے پی قائد، گجرات کے اپنے اعلیٰ قائد(ہائی کمان) کو خوش کرنے کیلئے سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔

بی جے پی قائد نے سابق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ مرکزی حکومت، روایتی ادویات، کا عالمی مرکز حیدرآباد میں قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے مگر ان کے گجراتی باس نے حسب معمول اس مرکز کو تلنگانہ سے چھین کر گجرات منتقل کردیا۔ ایک بار پھر آپ، حیدرآباد عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور آپ، اپنے جھوٹے وعدوں کی اصلاح کرنا نہیں چاہتے۔