بریکنگ: عراق کے ایک شادی ہال میں آتشزدگی، 100 سے زائد افراد ہلاک
یہ واقعہ منگل اور چہارشنبہ کی نصف شب سے پہلے ہال کی عمارت میں پیش آیا، جو انتہائی آتش گیر تعمیراتی مواد سے بنی تھی، سرکاری عراقی نیوز ایجنسی (آئی این اے) نے سیول ڈیفنس عہدیداروں کے حوالہ سے یہ بات بتائی۔

بغداد: عراق کے شمالی صوبے نینویٰ کے قصبے الحمدانیہ میں ایک شادی ہال میں آگ لگنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔
عراقی سول ڈیفنس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل اور چہارشنبہ کی نصف شب سے پہلے ہال کی عمارت میں پیش آیا، جو انتہائی آتش گیر تعمیراتی مواد سے بنی تھی، سرکاری عراقی نیوز ایجنسی (آئی این اے) نے سیول ڈیفنس عہدیداروں کے حوالہ سے یہ بات بتائی۔
آئی این اے نے مزید بتایا کہ ابتدائی رپورٹس میں معلوم ہوا ہے کہ عمارت کے اندر آتش بازی کی وجہ سے آگ لگی اور عمارت کا وہ حصہ گر گیا جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکام نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
سرکاری بیانات کے مطابق، وفاقی عراقی حکام اور عراق کے نیم خودمختار کردستان علاقے کے حکام کی طرف سے ایمبولینس اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 45 منٹ پر لگی اور واقعے کے وقت سینکڑوں افراد شادی کی تقریب میں موجود تھے۔