تلنگانہ کو دواخانوں میں صدفیصد زچگیوں کا اعزاز: ہریش راؤ
ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کو دواخانوں میں صدفیصد زچگیاں ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کو دواخانوں میں صدفیصد زچگیاں ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی جانب سے تیا ر کردہ رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ تلنگانہ میں دواخانوں میں زچگیوں کی شرح99.86 فیصد سے بڑھ کر100 فیصد ہوگئی ہے۔
جبکہ گھروں میں زچگیوں کی شرح0.17 فیصد سے گھٹ کر صفر ہوگئی ہے۔ ہریش راؤ نے تلنگانہ کو حاصل اس اعزاز کی وجہ سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دور اندیش قیادت اور زچاوں کو فراہم کی جارہی کے سی آر کٹس وبہترین طبی پالیسی کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تجربہ کار طبی عملہ کی نگرانی میں ہونے والی زچگیوں شرح 89فیصد ہے اور عالمی سطح پر 198 ممالک میں ملک کو 122واں مقام حاصل ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ نے دواخانوں میں صدفیصد زچگیوں کے ریکارڈ کے ذریعہ ایک نیا پیمانہ مقرر کیا ہے۔ تلنگانہ دنیا میں پہلی ریاست بن کر ابھر ا ہے جہاں صدفیصد زچگیاں دواخانوں میں ہوتی ہیں۔
عالمی ادارے صحت کے مطابق دنیا میں ایسے 61ممالک ہیں جہاں دواخانوں میں زچگیوں کا ریکارڈ صدفیصد ہے۔ نیشنل ہیلتھ مشن کے مطابق تلنگانہ کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقہ لکشا دیپ میں بھی صدفیصد زچگیاں دواخانوں میں ہونے کا ریکارڈ کیا گیا ہے۔