مابعدالیکشن تشدد، مسلم بی جے پی ورکر ہلاک
مغربی بنگال کے ضلع ناڈیہ میں مابعدالیکشن تشدد میں ایک بی جے پی ورکر ہلاک ہوگیا۔ بھگوا جماعت نے برسرِاقتدارترنمول کانگریس پرانگلی اٹھائی ہے۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے ضلع ناڈیہ میں مابعدالیکشن تشدد میں ایک بی جے پی ورکر ہلاک ہوگیا۔ بھگوا جماعت نے برسرِاقتدارترنمول کانگریس پرانگلی اٹھائی ہے۔
ٹی ایم سی نے تاہم دعویٰ کیاکہ ہلاکت خاندانی جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع کے جنوبی حصہ کالی گنج میں پیش آیا۔ بی جے پی ورکر حفیظ الرحمن شیخ ہفتہ کی رات دوسروں کے ساتھ کیرم کھیل رہاتھا۔
10 تا12لوگ موٹرسائیکلوں پر آئے اور انہوں نے پہلے شیخ پر گولی چلائی اور اس کے بعد حملہ کردیا۔ مقامی لوگوں نے دوگھنٹے احتجاج کیا اور پولیس کو نعش دواخانہ لے جانے نہیں دیا۔
بعدازاں نعش پوسٹ مارٹم کیلئے لے جائی گئی۔ بی جے پی اترناڈیہ کے صدر ارجن بشواس نے الزام عائد کیاکہ ٹی ایم سی کے غنڈوں نے ان کی پارٹی کے ورکر کو مارڈالا۔ ٹی ایم سی کے ضلع قائد رحمن نے تاہم قتل کی وجہ خاندانی جھگڑا بتائی اور کہا کہ ان کی پارٹی کا اس میں کوئی رول نہیں ہے۔
مہلوک کے ارکان خاندان نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔