سنگاریڈی ضلع میں مزارات کو نقصان، جمعیۃ علماء کا احتجاجی میمورنڈم، ایس پی کا تعمیر نو کا وعدہ
ریاستی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ، محترم حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ کی ہدایت پر، جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی کے ایک وفد نے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سے ملاقات کی اور انہیں ایک باضابطہ میمورنڈم پیش کیا۔

حیدرآباد: چند روز قبل اسلام پور، جنارام منڈل، ضلع سنگاریڈی میں شرپسند عناصر نے درگاہ حضرت غریب شاہ ولیؒ اور ان کے خلیفہ حضرت مدھار ولی شاہ ولیؒ کے مزاراتِ مقدسہ کو نقصان پہنچایا اور شہید کر دیا تھا، جس پر مسلمانوں میں شدید رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
ریاستی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ، محترم حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ کی ہدایت پر، جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی کے ایک وفد نے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سے ملاقات کی اور انہیں ایک باضابطہ میمورنڈم پیش کیا۔
ایس پی صاحب نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں بزرگانِ دین کے مزارات کی ازسرنو تعمیر جلد از جلد کرائیں گے، اور اس معاملے میں شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اس وفد میں جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی کے صدر مفتی اسلم سلطان قاسمی صاحب، جناب کلیانی ذکی الدین صاحب، امیر حمزہ منصور علی صاحب سمیت دیگر کل جماعتی ذمہ داران شریک تھے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ نہ صرف مزارات کی فوری تعمیر کی جائے بلکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ مذہبی مقامات کا تقدس محفوظ رہے۔