تجارت

ابتدائی کاروبار میں آئی ٹی کمپنیوں، نجی بینکوں کے شیئر لڑھکے

ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کے منگل کو جاری کردہ مالیاتی نتائج میں گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں نقصان کی بات سامنے آنے سے کمپنی کا شیئر آج نو فیصد لڑھک گیا ہے۔ کمپنی کو گزشتہ 31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 900 کروڑ روپے کا نقصان ہواہے۔

ممبئی: ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز اور دیگر آئی ٹی و بینکنگ کمپنیوں کے حصص میں فروخت کے دباؤ میں بدھ کو ابتدائی کاروبار میں اہم انڈیکس میں گراوٹ رہی۔


بی ایس ای کا سینسیکس گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے 253.99 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 79,019.34 پوائنٹس پر کھلا۔ اس کے بعد اس کی گراوٹ میں اضافہ ہوا اور خبر لکھے جانے کے وقت یہ 749.82 پوائنٹس (0.95 فیصد) گر کر 78,523.51 پوائنٹس پر آگیا۔


نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 انڈیکس بھی 105.75 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 24,470.85 پوائنٹس پر کھلا۔ تادم تحریریہ 196.05 پوائنٹس یعنی 0.80 فیصد گرکر 24,380.55 پوائنٹس پر رہا۔


ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کے منگل کو جاری کردہ مالیاتی نتائج میں گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں نقصان کی بات سامنے آنے سے کمپنی کا شیئر آج نو فیصد لڑھک گیا ہے۔ کمپنی کو گزشتہ 31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 900 کروڑ روپے کا نقصان ہواہے۔

اس نقصان کی بنیادی وجہ بیرون ملک ٹیکس کے ایک پرانے کیس میں 5,733 کروڑ روپے کی ادائیگی رہی۔ اسی معاملے میں وہ 703 کروڑ روپے کی ادائیگی پہلی تین سہ ماہیوں میں کرچکی ہے۔


آئی ٹی سیکٹر کے بعد بازار پر سب سے زیادہ دباؤ بینکنگ اور مالیاتی کمپنیوں نے بنایا۔ پرائیویٹ بینکنگ کمپنیوں میں فروخت حاوی رہی، جب کہ سرکاری بینکنگ کمپنیوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ہیلتھ اور فارما کے شعبے میں بھی گراوٹ ہے۔


بڑی کمپنیوں کے برعکس چھوٹی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں نے اعتماد ظاہر کیا ہے۔ مجموعی طور پر، وسیع مارکیٹ میں جذبات مثبت ہیں۔


سینسیکس کی کمپنیوں میں ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کا شیئر تقریباً نو فیصد گر گیا ہے۔ ٹیک مہندرا اور انفوسس میں دو سے ڈھائی فیصد تک کی گراوٹ ہے۔ آئی سی آئی سی آئی بینک، ٹی سی ایس اور بی ای ایل کے حصص بھی ایک فیصد سے زیادہ گر گئے۔ ہندوستان یونیلیور اور این ٹی پی سی کے حصص ایک فیصد سے زیادہ اوپر چل رہے ہیں۔