سابق چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کا ’لکی نمبر 1206‘ آخری سفر کی تاریخ بن گیا
سابق چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی 1206 کو اپنا لکی نمبر سمجھتے تھے۔ ان کی تمام گاڑیوں پر یہی نمبر ہوتا تھا۔ اب یہ نمبر‘ ہندوستان کی تاریخ کے بدترین فضائی حادثوں میں ایک حادثہ سے میل کھاتا ہے۔

احمدآباد (پی ٹی آئی) سابق چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی 1206 کو اپنا لکی نمبر سمجھتے تھے۔ ان کی تمام گاڑیوں پر یہی نمبر ہوتا تھا۔ اب یہ نمبر‘ ہندوستان کی تاریخ کے بدترین فضائی حادثوں میں ایک حادثہ سے میل کھاتا ہے۔
جمعرات 12-06 کو وہ اپنی جان کی بازی ہارگئے۔ وجئے روپانی ان 242 افراد میں شامل تھے جو احمدآباد سے لندن جارہی ایرانڈیا پرواز میں سفر کررہے تھے۔ یہ طیارہ کل دوپہر سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فوری بعد میگھانی نگر علاقہ میں میڈیکل کالج ہاسٹل کی عمارت پر گرکر تباہ ہوگیا۔
سابق چیف منسٹر 1206 کو ا پنا لکی نمبر سمجھتے تھے لیکن یہ ان کے دیہانت کی تاریخ 12 جون (12/6) بن گیا۔ ان کے آبائی ٹاؤن راج کوٹ میں لوگ 1206 نمبر دیکھ کر روپانی کی کار کو پہچان لیتے تھے۔
ان کی اسکوٹرس اور کاروں پر یہی نمبر ہوتا تھا۔ وجئے روپانی اپنی لڑکی کے پاس جو لندن میں رہتی ہے‘ جارہے تھے۔ ان کی بیوی انجلی بین جو بی جے پی کی سرگرم رکن ہیں‘ پہلے سے لندن میں موجود تھیں۔ وہ جمعہ کی صبح گاندھی نگر لوٹ آئیں۔ وجئے روپانی اگست 2016 تا ستمبر 2021 گجرات کے چیف منسٹر تھے۔