جموں و کشمیر

عالمی برادری، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل نکالے: میرواعظ عمر فاروق

حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے ہفتہ کے دن عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اسرائیل۔ فلسطین مسئلہ کا منصفانہ حل تلاش کرے۔

سری نگر: حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے ہفتہ کے دن عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اسرائیل۔ فلسطین مسئلہ کا منصفانہ حل تلاش کرے۔

متعلقہ خبریں
میر واعظ نظربند، جامع مسجد جانے سے روک دیا گیا
میرواعظ عمر فاروق، نظربند
میرواعظ مولوی عمر فاروق کو رہا کیاجائے:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

انہوں نے کہا کہ دونوں طرف کے عوام کو امن اور وقار کے ساتھ رہنا چاہئے۔ میرواعظ نے سری نگر میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اسلامی دنیا کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے عوام کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں‘ جن لوگوں کے دلوں میں درد کا احساس ہوتا ہے وہ اس مسئلہ پر خاموشی دیکھ کر دل شکستہ ہیں۔

ہم دیکھ رہے ہیں کہ بوڑھوں‘ بچوں‘ عورتوں اور بے قصور لوگوں پر بم برسائے جارہے ہیں۔ ہلاکتیں ہورہی ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ عالمی برداری مسئلہ کا منصفانہ حل ڈھونڈنے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ میرواعظ نے کہا کہ یکطرفہ فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ مسئلہ فلسطین دیرینہ مسئلہ ہے اور اس کا منصفانہ حل نکالا جانا چاہئے۔

فلسطین کے عوام کو ان کے حقوق واپس ملنے چاہئیں۔ ان لوگوں پر ان کا ملک اور ان کی زمین تنگ کردی گئی۔ اس سے زیادہ ظلم و زیادتی کیا ہوسکتی ہے۔ علیحدگی پسند قائد نے کہا کہ سارا کشمیر ٹی وی اور میڈیا میں تکلیف دہ مناظر دیکھ رہا ہے۔ وہ تشدد کا فوری خاتمہ چاہتا ہے۔

عالمی برادری کو آگے آنا چاہئے اور مسئلہ کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو امن اور وقار کے ساتھ جینے کا بنیادی حق دیا جانا چاہئے۔ اسی کے ساتھ اسرائیل کے عوام بھی امن سے رہیں۔ کوئی بھی کسی ملک یا عوام کے خلاف نہیں ہے۔ عمر فاروق نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ فلسطین سے عالمی برادری نے جو وعدے کئے تھے وہ انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر پورے کئے جائیں۔