وائی ایس شرمیلا‘ مشروط ضمانت پر رہا
عدالت نے پیر کی شب شرمیلا کو 14دن کی عدالتی تحویل میں دیدیاتھا اور انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیاگیا۔ اے پی کے چیف منسٹر جگن کی بہن شرمیلا پر کل ڈیوٹی پر مامور ایک کانسٹبل کو تھپڑ مارنے کا الزام ہے۔ اجازت کے بغیر دھرنا منظم کرنے پر پولیس ملازم جب انہیں حراست میں لے رہے تھے تب انہوں نے ایک کانسٹبل کو تھپڑ رسید کیاتھا۔
حیدرآباد: شہر کی ایک عدالت نے منگل کے روز وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی لیڈر وائی ایس شرمیلا کو مشروط ضمانت منظور کی ہے جنہیں ڈیوٹی پر مامور ایک کانسٹبل کو تھپڑ رسید کرنے کے الزام میں کل گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیاتھا۔ وہ چنچل گوڑہ سے رہا ہوگئیں۔
نامپلی کی عدالت نے شرمیلا کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی اور عدالت نے شرمیلا کو مشروط ضمانت کی منظوری دیدی۔عدالت نے انہیں 30ہزار روپئے کے دو ضمانت جمع کرانے کی ہدایت دی۔ شرمیلا سے کہاگیا کہ بیرون ملک دورہ پر جانے سے قبل عدالت سے اجازت حاصل کرنا ضروری رہے گا۔
عدالت نے پیر کی شب شرمیلا کو 14دن کی عدالتی تحویل میں دیدیاتھا اور انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیاگیا۔ اے پی کے چیف منسٹر جگن کی بہن شرمیلا پر کل ڈیوٹی پر مامور ایک کانسٹبل کو تھپڑ مارنے کا الزام ہے۔ اجازت کے بغیر دھرنا منظم کرنے پر پولیس ملازم جب انہیں حراست میں لے رہے تھے تب انہوں نے ایک کانسٹبل کو تھپڑ رسید کیاتھا۔
بتایا جاتاہے کہ پولیس کی ہدایت کے باوجود شرمیلا کی کار کے ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی اور اس گاڑی کی ٹکر سے کانسٹبل زخمی ہوگیا۔ پولیس نے شرمیلا اور ان کے دو ڈرائیوروں کے خلاف آئی پی ایس کی دفعات 353 A اور509 427 اور‘332 کے تحت کیس درج کرلیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ پولیس کو یہ اطلاع ملی تھی کہ شرمیلا‘ پبلک سرویس کمیشن کے پیپر لیک معاملہ کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی (اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم) کے دفتر پہنچنے والی ہے۔ پولیس نے شرمیلا کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ انہوں نے دفتر ایس آئی ٹی جانے کی پیشگی اجازت نہیں لی تھی۔
دفتر ایس آئی ٹی جانے کی اجازت نہ ملنے پر وہ اپنے مکان کے سامنے والی سڑک پر بطور احتجاج بیٹھ گئی جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ بعدگرفتاری انہیں جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن لے جایاگیا۔
بعدازاں شرمیلا کی والدہ وجیہ اماں بیٹی سے ملاقات کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچ گئیں جب انہیں پولیس نے روکا تو ان کی پولیس سے بحث و تکرار ہوئی۔ایک ویڈیو میں اجیہ اماں کو ایک خاتون کانسٹبل پر تھپڑ رسید کرتے ہوئے دکھاگیا ہے۔