آر ایس ایس لیڈر کو پھانس کر جبری وصولی‘ خاتون گرفتار
پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جس پر آر ایس ایس لیڈر کو حسن کے جال میں پھانس کر بڑی رقم جبری طور پر وصول کرنے کا الزام ہے۔
منڈیا: پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جس پر آر ایس ایس لیڈر کو حسن کے جال میں پھانس کر بڑی رقم جبری طور پر وصول کرنے کا الزام ہے۔ پیشہ سے سنار آر ایس ایس لیڈر ندودی جگناتھ شیٹی کی شکایت پر سماجی اور انسانی حقوق کی کارکن سلمیٰ بانو کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق شیٹی سریندھی گولڈ جیولس کا مالک اور دکشن کنڑ کا بااثر سیاستداں ہے۔ ملزمہ نے اپنی ٹولی کے ساتھ شیٹی سے 50 لاکھ روپئے جبری وصولی کی اور مزید رقم کا مطالبہ کررہی تھی۔ شیٹی پولیس سے رجوع ہوا جس کے بعد پولیس نے ملزمہ کی تلاش شروع کردی۔
26/ فرور ی کو شیٹی کو ایک گاڑی میں منڈیا سے میسور کے لیے لفٹ دی گئی۔ اس گاڑی میں چار افراد سوار تھے۔ وہ اسے پھنساکر میسور کی ہوٹل لے گئے۔ شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ہوٹل میں سونے کے بکسٹ کی جانچ کرنے گیا تھا۔
جیسے ہی وہ اپنے کمرے میں داخل ہوا، ملزمین نے خاتون کے ساتھ اس کی تصاویر اور ویڈیو بنالی۔ ملزمین نے وہیں پر اس سے 4کروڑ روپئے دینے کا مطالبہ کیا ورنہ ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دی۔
شیٹی نے انہیں 50لاکھ روپئے دے کر تصفیہ کرلیا۔ مگر جلد ہی ملزمین اسے مزید رقم کے لیے تنگ کرنے لگے چنانچہ وہ پولیس سے رجوع ہوا۔