اب یوگی جی کہاں ہیں؟ کیا میں ایک عورت نہیں ہوں: انو تیاگی
انو تیاگی نے الزام لگایا کہ اس کے ارکانِ عملہ کو تھرڈ ڈگری اذیت رسانی کی گئی، اس کے بچوں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس نے کہا کہ مجھے جسمانی طور پر اذیت نہیں دی گئی، لیکن ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا۔
لکھنؤ: خود ساختہ بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کی بیوی انو تیاگی نے آج کہا کہ اس کا شوہر بی جے پی کا رکن ہے۔ اس نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ مہیش شرما کی ایماء پر اس کے خاندان کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
مہیش شرما نے اس بات کی تردید کی ہے کہ تیاگی بی جے پی کا ممبر ہے۔ اس نے کہا کہ میرا شوہر بی جے پی کا ممبر ہے۔ مہیش شرما کی ایماء پر سارا ڈرامہ رچا جارہا ہے۔ اس نے پولیس کمشنر کو گالی گلوج کی، اسی لیے پولیس ہمارے ساتھ بے جا سلوک کررہی ہے۔
تیاگی کی بیوی نے کہا کہ میرا شوہر پہلے دن ہی خودسپردگی اختیار کیا ہوتا، لیکن ہم وکیل کا انتظار کررہے تھے، تاکہ مناسب قانونی کارروائی کی جاسکے۔ اگر پولیس مجھے پولیس اسٹیشن میں نہیں روکتی تو میرا شوہر اگلے دن ہی خودسپردگی اختیار کیا ہوتا، کیوں کہ میں وکیل کا انتظام کرلیتی اور قانونی مدد حاصل کرتی۔
اس نے یہ بھی کہا کہ شری کانت تیاگی کو دھاوے کے دوران نہیں پکڑا گیا، بلکہ اس نے خودسپردگی اختیار کی ہے۔ انو تیاگی نے الزام لگایا کہ اس کے ارکانِ عملہ کو تھرڈ ڈگری اذیت رسانی کی گئی، اس کے بچوں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس نے کہا کہ مجھے جسمانی طور پر اذیت نہیں دی گئی، لیکن ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا۔
پولیس نے ہر ممکنہ انداز میں میرے ساتھ غلط سلوک کیا، اگرچہ کہ میں تحقیقات میں پورا تعاون کررہی تھی۔ اب یوگی جی کہاں ہیں؟ کیا میں ایک عورت نہیں ہوں۔ اس نے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں، میں نے ان سے جانے دینے کی درخواست کی، کیوں کہ میرے بچے گھر پر اکیلے تھے اور یہاں کوئی پولیس والا بھی نہیں تھا۔
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ نوئیڈا پولیس نے منگل کے روز تیاگی کو گرفتار کیا تھا، کیوں کہ اس نے نوئیڈا میں اپنی ہاؤزنگ سوسائٹی میں ایک خاتون کو گالی گلوج کی تھی اور اس پر حملہ کیا تھا۔
نوئیڈا کے سیکٹر 93B میں گرانڈ اوماکس ہاؤزنگ سوسائٹی میں اس کے گھر کے باہر غیرقانونی طور پر تعمیر کردہ ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے بعد تیاگی کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔