تعلیم و روزگار

اردو اسکولس کو رقمی امداد :صدر نشین اردو اکیڈیمی

اس سلسلہ میں اردو اکیڈیمی کی جانب سے بینک مینجرس سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان اسکول ہیڈ ماسٹرس کے ساتھ تعاون کریں۔

حیدرآباد: محمد خواجہ مجیب الدین صدر نشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے بموجب تلنگانہ کے سرکاری اردو مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے

اردو اکیڈیمی کی اسکیم کے تحت (333) اردو اسکولس کو فی مدرسہ 50,000/- روپئے کے حساب سے جملہ ایک کروڑ چھیاسٹھ لاکھ پچاس ہزار روپئے منظوری دی گئی تھی

اور یہ رقم متعلقہ مدارس کو روانہ کردی گئی تھی لیکن ان اسکولس میں سے 157 منظورہ اسکولس کی رقم مبلغ 78,50,000/- روپئے ڈائرکٹر اسکولس ایجوکیشن کے PFMS Account میں واپس چلی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ 157 اسکولوں کی اس رقم کو پھر سے واپس حاصل کیا گیا ہے اور اس رقم میں سے آج 74 منظورہ اسکولس کو مبلغ سینتیس لاکھ روپئے جاری کردئے گئے۔

خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ ماباقی منظورہ اسکولس کے ذمہ دار جلد ”ہیڈ ماسٹر“ کے نام اکاؤنٹ کھول لیں۔

اس سلسلہ میں اردو اکیڈیمی کی جانب سے بینک مینجرس سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان اسکول ہیڈ ماسٹرس کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ بعض مدارس سے درخواستوں کو دوبارہ داخل کرنے کہا گیا تھا، ان مدارس نے ابھی تک درخواستیں داخل نہیں کی ہیں۔

صدر اردو اکیڈیمی نے کہا کہ ان مدارس کے ہیڈ ماسٹرس جلد دوبارہ درخواستیں داخل کریں تاکہ رقم کی اجرائی میں آسانی ہو۔