دہلی

اسکان (ISKCON) پر قصایوں کو گائیں فروخت کرنے منیکا گاندھی کا سنگین الزام

وائرل ویڈیو میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو جو جانوروں کے حقوق کے لئے لڑنے والی کارکن ہیں‘ یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ اسکان ملک میں سب سے بڑا دھوکہ ہے۔ وہ گؤشالائیں چلاتی ہے اور حکومت سے فائدہ اٹھاتی ہے۔

نئی دہلی: اسکان (انٹرنیشنل سوسائٹی فار کرشنا کانشیسنس) کے تعلق سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر منیکا گاندھی کے ریمارکس پر بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا۔ منیکا گاندھی نے اسکان کو ”ملک میں سب سے بڑا دھوکہ“ قراردیا۔

متعلقہ خبریں
منیکا گاندھی کو 100 کروڑ روپے کی ہتک عزت نوٹس
سلطان پور کے رکن پارلیمنٹ کے انتخاب کے خلاف مینکاگاندھی سپریم کورٹ سے رجوع

انہوں نے اس پر گؤشالاؤں کی گائیں قصایوں کو فروخت کردینے کا الزام عائد کیا۔ اسکان نے اس کی تردید کی ہے۔

وائرل ویڈیو میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو جو جانوروں کے حقوق کے لئے لڑنے والی کارکن ہیں‘ یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ اسکان ملک میں سب سے بڑا دھوکہ ہے۔ وہ گؤشالائیں چلاتی ہے اور حکومت سے فائدہ اٹھاتی ہے۔

اسے بڑی بڑی زمینیں ملی ہوئی ہیں۔ انہوں نے آندھراپردیش کے اننت پور میں اسکان کی گؤشالہ کے دورہ کی یاددہانی کرائی جہاں انہیں دودھ نہ دینے والی ایک بھی گائے یا بچھڑا نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ساری ڈیری میں دودھ نہ دینے والی ایک بھی گائے نہیں تھی۔ کوئی بچھڑا نہیں تھا۔ سارے بیچ دیئے گئے۔

اسکان اپنی ساری گائیں قصایوں کو فروخت کررہی ہے۔ کوئی اور ایسا نہیں کرتا جیسا وہ کررہی ہے۔ اسکان والے سڑکوں پر ہرے رام‘ ہرے کرشنا کا جاپ کرتے پھرتے ہیں۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کی ساری زندگی دودھ پر منحصر ہے‘ شاید کسی اور نے اتنی گائیں قصایوں کو نہیں فروخت کی ہوں گی جتنی اسکان والوں نے بیچی ہوں گی۔

اسکان نے منیکا گاندھی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ اس نے کہا کہ گائے اور بیلوں کی زندگی بھر سیوا کی جاتی ہے‘ انہیں قصایوں کو نہیں بیچا جاتا۔