دہلی

اشوک گہلوت‘ کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑنے تیار

میں بڑا خوش قسمت ہوں کہ مجھے ملک بھر کے کانگریسیوں کا پیار ملا۔ یہ لوگ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں۔اشوک گہلوت‘ پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے لئے دہلی آئے ہوئے تھے۔

نئی دہلی: کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑنے کا واضح اشارہ دیتے ہوئے چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اگر ان کی پارٹی چاہے تو وہ اپنی نامزدگی داخل کریں گے اور انہیں دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری نبھائیں گے۔

انہوں نے کوچی (کیرالا) جانے سے قبل کہا کہ میں راہول گاندھی کو پارٹی کی کمان پھر سنبھال لینے کے لئے قائل کرنے کی ایک آخری کوشش کروں گا۔ جئے پور سے نئی دہلی آنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں اشوک گہلوت نے کہا کہ وہ ایسے فیصلے کریں گے جس سے کانگریس مستحکم ہو۔

 انہوں نے کہا کہ پارٹی اور ہائی کمان نے مجھے سب کچھ دیا ہے۔ میں 40-50 سال سے عہدوں پر رہا ہوں۔ میرے لئے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ میں مجھے دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری نبھاؤں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نہ صرف گاندھی خاندان بلکہ کئی کانگریس ورکرس کو ان پر بھروسہ ہے۔

میں بڑا خوش قسمت ہوں کہ مجھے ملک بھر کے کانگریسیوں کا پیار ملا۔ یہ لوگ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں۔اشوک گہلوت‘ پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے لئے دہلی آئے ہوئے تھے۔

یہ پوچھنے پر کہ راجستھان کی چیف منسٹری اور پارٹی صدارت (بہ یک وقت دو عہدے) پارٹی کے اُدئے پور عہد کی خلاف ورزی نہیں ہوں گے‘ اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ اصول اس وقت لاگو ہوتا ہے جب ہائی کمان کسی کو نامزد کرے۔

پارٹی کا صدارتی الیکشن‘کھلا الیکشن ہے  اور 9 ہزار پی سی سی مندوبین میں کوئی بھی یہ الیکشن لڑسکتا ہے چاہے وہ رکن پارلیمنٹ ہو‘ رکن اسمبلی یا وزیر۔ ششی تھرور کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ الیکشن‘ پارٹی میں داخلی جمہوریت کے لئے اچھا ہوتا ہے۔ یہ ہونا چاہئے۔

اسی دوران ششی تھرور نے پارٹی کے سنٹرل الیکشن اتھاریٹی سربراہ مدھوسدن مستری سے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس میں ملاقات کی۔ آئی اے این ایس کے بموجب اشوک گہلوت نے کہا کہ پارٹی اگر چاہے کہ وہ صدارتی الیکشن لڑیں تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 انہوں نے تاہم کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ راہول گاندھی صدارت سنبھال لیں۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ وہ کوئی عہدہ نہیں چاہتے لیکن فاشسٹ بی جے پی حکومت کو بے دخل کرنے کے لئے ضرور کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی طاقتور کانگریس چاہتا ہے۔ اسی دوران ششی تھرور‘ مندوبین کی فہرست کی جانچ کے لئے اے آئی سی سی دفتر پہنچے۔

a3w
a3w