انڈیا میں ورلڈکپ جیتنابی سی سی آئی کے منہ پرطمانچہ ہوگا:آفریدی

عالمی کرکٹ میں اس وقت ہندوستان اور پاکستان کے بورڈز کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایشیا کپ کی میزبانی پر دونوں بورڈز آپس میں دست و گریباں ہیں۔

اسلام آباد: عالمی کرکٹ میں اس وقت ہندوستان اور پاکستان کے بورڈز کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایشیا کپ کی میزبانی پر دونوں بورڈز آپس میں دست و گریباں ہیں۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پہلے ہی ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کی صورت میں اپنی ٹیم کو وہاں بھیجنے سے انکار کرچکا ہے۔ اب اس پورے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے بھی بی سی سی آئی کو نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے انعقاد کیلئے ہائبرڈ ماڈل بھی متعارف کرایا تھا۔ لیکن سب میں اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اب شاہد آفریدی نے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے بیانات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کو ہندوستان میں ہونے والے ورلڈکپ میں کھیلنے جانا ہوگا اور جیت کر واپس آنا ہوگا۔

یہ ہندوستانی بورڈ کے منہ پر طمانچہ ہوگا۔ شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹی وی چینل سما ٹی وی پر کہاکہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کے چیئرمین کی کرسی کی اہمیت کو سمجھنا چاہیے اور ان کی ذمہ داری کیا ہے۔ انہیں اپنے بیانات کو بار بار تبدیل کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہیں ایشیا کپ کی تنظیم کے حوالہ سے ہر جگہ انٹرویو دینے کی ضرورت نہیں۔

آفریدی نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ پی سی بی کا چیئرمین ایسے شخص کو بنایا جائے جو بار بار اپنے بیانات نہ بدلے۔ مسائل پر ان کا موقف واضح ہونا چاہیے۔ اب ونڈے ورلڈکپ کے حوالے سے اپنی ٹیم کو ہندوستان نہ بھیجنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کرکٹ ہورہی ہے تو ہمیں اپنی ٹیم بھیجنی چاہیے۔

چاہے وہ ہندوستان میں ہو یا کہیں اور وہاں جانے اور ٹرافی جیت کر واپس آنے سے بڑا کوئی کام نہیں ہوسکتا۔ یہ ان کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ کی طرح ہوگا۔ اس دوران پی سی بی چیرمین نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کے ورلڈکپ میں شرکت کے تعلق سے فیصلہ شاہد آفریدی کو نہیں کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی بی اور حکومت جو مناسب سمجھے گی ہم وہی فیصلہ لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button