اپولو اور بسوا تارکم میموریل کینسر ہاسپٹلس میں مفت علاج کی سہولت
حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ اپولو اوربسوا تارکم میموریل کینسر ہاسپٹل حیدرآباد میں غریب عوام کو مفت علاج وطبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ اپولو اوربسوا تارکم میموریل کینسر ہاسپٹل حیدرآباد میں غریب عوام کو مفت علاج وطبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
حکومت کے اقدامات سے عدالت کو واقف کراتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے اس ضمن میں سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلتھ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ جی او بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے علاج کیلئے اپولو ہاسپٹلس میں 15فیصد اور بسوا تارکم کینسر ہاسپٹل میں 25 فیصد بیڈس مختص کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اِن دواخانوں میں آوٹ پیشنٹس کا ونٹرس بھی قائم کئے جائیں گے۔
ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس ایس نندا کی بنچ کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے ضمانت دی جارہی ہے کہ دونوں دواخانے وعدے کا لحاظ کرتے ہوئے غریب عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔
مذکورہ دواخانوں کے ذریعہ فراہم کی جانے والی علاج ومعالجہ کی سہولتوں کو پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا سے مربوط کیا جائے گا۔ جس سے غریب عوام کو کافی سہولت حاصل ہوگی۔
ایڈوکیٹ جنرل کا جواب اُس وقت سامنے آیا جب ہائی کورٹ کی 2 رکنی بنچ اومن مانک شاہ کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کے تحت درخواست پر سماعت کررہی تھی۔ جس میں کہا گیا کہ حکومت چند کارپوریٹ دواخانوں کو انتہائی کم قیمت پر قیمتی اراضیات حوالہ کررہی ہے۔
حکومت کا اقدام کارپوریٹ دواخانوں کے وعدے کہ غریب عوام کو مفت علاج ومعالجہ کی سہولتیں اور بیڈس فراہم کئے جانے کے تناظر میں رہتا ہے مگر کارپوریٹ دواخانہ کبھی اپنے وعدے کو پورا نہیں کرتے۔