ایک شخص کا گلا کاٹ دیا گیا
شہر کے سیکٹر 4 میں ہدیٰ جم خانہ کلب میں چند افراد نے بحث و تکرار کے دوران سپر وائزر کی حیثیت سے کام کرنے والے ایک شخص کامبینہ طور پر گلا کاٹ دیا، جس کے بعد اسے نازک حالت میں ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔

گروگرام: شہر کے سیکٹر 4 میں ہدیٰ جم خانہ کلب میں چند افراد نے بحث و تکرار کے دوران سپر وائزر کی حیثیت سے کام کرنے والے ایک شخص کامبینہ طور پر گلا کاٹ دیا، جس کے بعد اسے نازک حالت میں ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔
ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ نہانے کے لیے آئے ہوئے چند افراد کی رقم غائب ہوجانے کے بعد لڑائی چھڑگئی اور 12 تا 14 افراد نے سپر وائزر اور سوئمنگ پول کے منیجر کو مار پیٹ کی۔
پولیس کے مطابق سپر وائزر کی ساجد کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے، جب کہ 45 سالہ واشر تریپورہ کا ساکن ہے۔ شکایت گزار واشر نے پولیس کو بتایا کہ جمعرات کو تقریباً 2 بجے دن وہ اور ساجد ہدیٰ جم خانہ کلب میں بیٹھے ہوئے تھے۔ 7 نوجوان نہانے کے لیے کلب کے سوئمنگ پول پہنچے۔
انھوں نے نہانے کے بعد دعویٰ کیا کہ کسی نے ان کی رقم چرا لی ہے، جو ان کے کپڑوں میں رکھی ہوئی تھی اور یہ کپڑے پول کے قریب رکھے ہوئے تھے۔ شکایت گزار نے پولیس کو بتایا میں نے ان سے کہا کہ کسی بھی سامان کے گم ہوجانے کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔ اچانک ان میں سے ایک نے مجھے تھپڑ رسید کردیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بعض افراد نے پولیس کو بھی اطلاع دی تھی، لیکن جب پولیس ٹیم وہاں پہنچی تو ملزمین نے ان سے کہا کہ وہ سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں۔
شام میں تقریباً 5:45 بجے 13 تا 14 نوجوان وہاں پہنچے جن کے ہاتھوں میں آہنی سلاخیں، لاٹھی، چاقو اور ہتھوڑے تھے۔ انھوں نے مجھ پر اور ساجد پر حملہ کردیا۔ انھوں نے میرے سر پر ضرب لگائی۔ میرا ہاتھ اور انگوٹھا توڑ دیا۔ ایک شخص نے چاقو سے ساجد کا گلا کاٹ دیا۔ ساجد زخمی ہوکر گر پڑا اور بیہوش ہوگیا۔