کرناٹک

بنگلورو میں عمران خان پر کتاب کی رسم اجراء ملتوی

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی پر مبنی کنڑ زبان کی کتاب کی رسم اجراء کو یہاں بعض ہندو تنظیموں کے احتجاج کے بعد ملتوی کردیا گیا ہے۔

بنگلورو: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی پر مبنی کنڑ زبان کی کتاب کی رسم اجراء کو یہاں بعض ہندو تنظیموں کے احتجاج کے بعد ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس کتاب کو ”عمران خان اے لیونگ لیجنڈ“ کا نام دیا گیا تھا۔ سدھاکر ایس بی نامی شخص کی تحریر کردہ اس کتاب کی رسم اجراء آج شام ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس ایچ این ناگموہن داس کے ہاتھوں مقرر تھی۔

بہرحال ہندو تنظیموں کے ارکان نے کنڑ زبان اور کلچر کے وزیر وی سنیل کمار اور پولیس میں شکایت درج کرائی اور درخواست کی کہ کتاب کی رسم اجراء کو روک دیا جائے کیونکہ اس کتاب میں ایک دشمن ملک کے سابق وزیراعظم کی ستائش کی گئی ہے۔ بعدازاں اس تقریب کے منتظمین سے کہا گیا کہ وہ اسے منسوخ کردیں۔

سدھاکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کتاب کی رسم اجراء منسوخ کردی گئی ہے۔ ڈائرکٹر نے ہم سے کہا تھا کہ تقریب کو منسوخ کردیا جائے۔

ہندو جن جاگرتی سمیتی کے ترجمان موہن گوڑا نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے پلوامہ حملہ کی یاددہانی کرائی جس میں 43 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے اور یہ حملہ عمران خان کے ہی دور میں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے عمران خان بھی کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور مخالف ہند مہم جاری رکھنے میں ملوث تھے۔