تیز آواز میں موسیقی سے روکنے پر ضعیف شخص کا قتل
کرناٹک میں ایک حیران کن واردات پیش آئی۔ یہاں 54سالہ لائیڈ نیہیمیاہ کا قتل اس لیے کردیا گیا کہ انہو ں نے گاڑی میں تیز آواز میں گانا چلانے سے نوجوانوں کو منع کیا تھا۔
بنگلورو: کرناٹک میں ایک حیران کن واردات پیش آئی۔ یہاں 54سالہ لائیڈ نیہیمیاہ کا قتل اس لیے کردیا گیا کہ انہو ں نے گاڑی میں تیز آواز میں گانا چلانے سے نوجوانوں کو منع کیا تھا۔
ملزمین بھوونیشور ریاستی کرائم ریکارڈ بیورو کے پولیس ڈی ایس پی کیشو کمار سامنترے کے لڑکے ہیں۔ قتل کے بعد سے دونوں فرار ہوگئے تھے۔ 28سالہ انیرودھش سامنترے کو دہلی سے اٹھایا گیا اور 24 سالہ واسودیو سامنترے کو بنگلورو میں گرفتار کیا گیا۔
دونوں بھائیوں کے ایک دوست کو بھی ان کی مدد کیلئے گرفتار کیا گیا۔ایچ اے ایل پولیس کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ وگنن نگر کے رہنے والے کرنل ڈیوڈ نیہیمیاہ کے بھائی لائیڈ ان کے ساتھ رہتے تھے۔ انہوں نے انیرودھ اور واسودیو کو تیزآواز میں گانا بجانے سے منع کیا۔
اس پر ان کی بحث ہوگئی۔ دونوں نوجوانوں نے انہیں پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کردیا۔ لائیڈ کو دواخانہ میں شریک کرایا گیا جہاں دو دن بعد ان کی موت ہوگئی۔ ڈی سی پی (فائٹ فیلڈ) ایس گریش نے توثیق کی کہ دونوں بھائی ڈی ایس پی کے بیٹے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ انیرودھ اپنے بھائی کے بچے کی نام رکھائی تقریب میں شریک ہونے کے لیے دہلی سے چھٹی پر آیا تھا اور بنگلورو میں تھا۔ تقریب کے بعد دونوں پارٹی کررہے تھے۔ تحقیق میں پایاگیا کہ وہ اتوار کو علی الصبح ایک پٹرول پمپ پر گاڑی میں ایندھن بھرنے کے بعد کار میں تیز موسیقی بجارہے تھے۔