دہلی

تیستا سیتلواد کی درخواست ضمانت کی سپریم کورٹ میں سماعت

جسٹس یو یو للت کی زیرقیادت بنچ نے ریاستی حکومت کے دلائل کی سماعت کے بعد اس معاملہ کی مزید سنوائی منگل کو مقرر کی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سال 2002 کے گجرات فسادات کیس کے سلسلہ میں اُس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی کو دی گئی کلین چِٹ کو منظوری دینے عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کے بعد جعلسازی اور مجرمانہ سازش کے الزام میں گرفتار جہدکار تیستا سیتلواد کی درخواست ِ ضمانت پر جواب داخل کرنے کے لئے جمعرات کے روزحکومت ِ گجرات کو مزید مہلت دی۔

جسٹس یو یو للت کی زیرقیادت بنچ نے ریاستی حکومت کے دلائل کی سماعت کے بعد اس معاملہ کی مزید سنوائی منگل کو مقرر کی۔

سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے بنچ کے روبرو حکومت ِ گجرات کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ جواب تیار ہے لیکن اس میں کچھ ترامیم کی ضرورت ہے۔ بعدازاں بنچ نے حکومت کو جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت دے دی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ کیس قید سے متعلق ہے اور وہ اس بات پرغور کرے گی کہ کیا اس کیس میں قید رکھنے کی ضرورت ہے۔

درخواست گزار سیتلواد نے سپریم کورٹ کے روبرو ہائی کورٹ کے اس حکم پر سوال اٹھایا ہے جس میں ان کی رہائی کی درخواست پر غور کرنے کے لئے 19 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ سیتلواد کو 25 جون کو گرفتارکیا گیا تھا۔ مہتا نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں قانونی اقدامات کی تحقیقات نہیں کی گئی ہیں جبکہ درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے استدلال کیا کہ ایک دن کی بھی اضافی قید غلط ہے۔

سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کے بعد 22 اگست کو ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کی تھی اور جمعرات 25 اگست کو مزید سماعت مقرر کی تھی۔ سیتلواد نے استدلال کیا ہے کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ میں انہیں ملزم قرارنہیں دیا گیا ہے اور نہ ان کے خلاف گواہوں کے بیانات کے ساتھ چھیڑچھاڑ کا کوئی ثبوت ملا ہے۔

انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ فساد متاثرین کی حمایت کرنے پر حکومت ِ گجرات کی طرف سے انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ سپریم کورٹ نے 24 جون کو 2002 کے گجرات فسادات میں نریندر مودی اور دیگر کو دی گئی کلین چٹ کو برقرار رکھا تھا۔ عدالت نے فسادات میں اپنے شوہر و کانگریس قائد احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی درخواست کو عمل/ طریقہ کار کا غلط استعمال قراردیا تھا۔واضح رہے کہ احسان جعفری کو فسادات کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔