تین یادگار، حسین ساگر کا منظر بدلنے تیار

ڈاکٹربی آر امبیڈکر کا مجسمہ‘نیا سکریٹریٹ کامپلکس اور شہیدان تلنگانہ کی یادگار شہر حیدرآباد کے قلب میں واقع تاریخی وخوبصورت جھیل حسین ساگر کے منظر کوبدلنے کیلئے تیار ہے۔

حیدرآباد: ڈاکٹربی آر امبیڈکر کا مجسمہ‘نیا سکریٹریٹ کامپلکس اور شہیدان تلنگانہ کی یادگار شہر حیدرآباد کے قلب میں واقع تاریخی وخوبصورت جھیل حسین ساگر کے منظر کوبدلنے کیلئے تیار ہے۔

معماردستور امبیڈکر کا 125 فیٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی 14اپریل کو (امبیڈکرجینتی) کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سکریٹریٹ بلڈنگ جسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کیاگیاہے کاافتتاح 30 اپریل کوکیاجائے گا۔ ایک اورسنگ میل میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار کوبھی افتتاح کے لئے تیار کیاجارہا ہے۔

حکومت تلنگانہ نے ایک ویڈیو جاری کیاہے جس میں حسین ساگر کی نئی صورت گری کودکھایاگیا۔ حسین ساگر کے درمیان گوتم بودھ کامجسمہ تقریباً تین دہائیوں سے کھڑا ہے جوشہر کے فخر کی علامت ہے۔ اس تاریخی جھیل کے کنارے امبیڈکر کے دیوہیکل کانسی کامجسمہ ایستادہ کیاگیا ہے جو شہر آنے والے یومیہ سیاحوں کواپنی جانب راغب کرے گا۔

چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ 14اپریل کوہندوستان کے آئین کے معمارامبیڈکرکے کانسی کے مجسمہ کی جوملک کا سب سے بلندمجسمہ ہے‘نقاب کشائی کریں گے۔ اس سلسلہ میں ایک شاندار تقریب کااہتمام کیاجائے گا جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

حکومت نے نقاب کشائی تقریب میں امبیڈکر کے پوترے پرکاش امبیڈکر کوبطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کا مانناہے کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کابلند وبالا مجسمہ جو ریاستی سکریٹریٹ کے ساتھ گوتم بودھا کے مجسمہ کے مدمقابل اورشہیدان تلنگانہ کی یادگار کے قریب ا یستادہ کیاگیا ہے‘سے ہرروز عوام مانوس ہوں گے اور ریاست کے پورے ایڈمنسٹریشن کوتحریک ملے گی۔

مجسمہ کی نقاب کشائی کے دوہفتوں بعد کے چندر شیکھر راؤ نئے سکریٹریٹ کامپلکس کا افتتاح کریں گے۔ اسی روز مختلف وزراء اور ان سکریٹریز اپنے اپنے چیمبرس سے فرائض انجام دینا شروع کردیں گے۔ تلنگانہ کی ترقی کی علامت والی یہ عمارت 7منزلوں پرمشتمل ہے۔

اس عمارت پر دوبڑے گنبدتعمیر کئے گئے ہیں ان میں ایک گنبد کے اوپر قومی نشان نصب کیاگیاہے جس سے اس عمارت کی اونچائی 278 فیٹ تک جاپہونچی ہے۔ کے سی آر نے کہاکہ سکریٹریٹ کی عمارت فخر تلنگانہ کی عکاسی رہے گی۔

حسین ساگر کے کنارے سکریٹریٹ کے قریب شہیدان تلنگانہ کی یادگار تعمیر کی جارہی ہے جس کے کام آخری مراحل میں ہیں۔یہ عمارت ایک چراغ معہ اس کی روشن لونما ہے۔حسین ساگر‘حیدرآباد کامشہورمقام بن گیا ہے تاریخی ٹینک بنڈروڈ‘شہر حیدرآبادکوسکندرآباد سے مربوط کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button