جلتی خاکی چڈیوں کی ٹویٹ‘ کانگریس پر بی جے پی کی تنقید
کانگریس نے پیر کے دن جلتی خاکی چڈیوں کی تصویر ٹویٹ کی جو سابق میں آر ایس ایس کے یونیفارم کا حصہ تھی۔ بی جے پی کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا اور اس نے اسے ”تشدد کے لئے اُکسانا“ قراردیا۔
نئی دہلی: کانگریس نے پیر کے دن جلتی خاکی چڈیوں کی تصویر ٹویٹ کی جو سابق میں آر ایس ایس کے یونیفارم کا حصہ تھی۔ بی جے پی کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا اور اس نے اسے ”تشدد کے لئے اُکسانا“ قراردیا۔
کانگریس نے تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا کہ ملک کو نفرت کے شکنجہ سے آزاد کرانے اور بی جے پی۔ آر ایس ایس نے جو نقصان پہنچایا اس کی تلافی کرنے کے لئے قدم بہ قدم ہم اپنے ہدف تک پہنچیں گے۔
پارٹی نے اپنی جاریہ بھارت جوڑو یاترا کے حوالہ سے کہا کہ مزید 145 دن کا سفر طئے کرنا باقی ہے۔
بی جے پی نے تصویر کے لئے کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا اور اس کی یاترا کو بھارت توڑو یاترا قراردیا۔ بی جے پی ترجمان سمبیت پاترا نے کہا کہ بی جے پی کی نظریاتی سرپرست سمجھی جانے والی ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس کے کئی ورکرس کیرالا میں ہلاک ہوچکے ہیں جہاں کانگریس کی یاترا فی الحال جاری ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کانگریس نے جنوبی ریاست میں ”دہشت گردوں“ کو اشارہ دے دیا ہے کہ وہ آر ایس ایس والوں کو نشانہ بنائیں۔
سمبیت پاترا نے کانگریس سے کہا کہ وہ یہ پوسٹ فوری ہٹادے کیونکہ ہندوستان کی دستوری اسکیم میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ گوہاٹی سے آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر آسام ہیمنت بشوا شرما نے بھی کانگریس کی ٹویٹر پوسٹ پر تنقید کی۔