جہانگیر پوری فسادات‘ مطلوب ملزم کی گرفتاری کے دوران سنگباری
دہلی پولیس کرائم برانچ نے جہانگیر پوری فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلہ میں ایک 29 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
نئی دہلی: دہلی پولیس کرائم برانچ نے جہانگیر پوری فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلہ میں ایک 29 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایک عہدیدار نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ ملزم سرور ملک عرف اکبر عرف کالیا‘ فسادات کے فوری بعد فرار ہوگیا تھا۔ بعدازاں مقامی عدالت نے اسے اشتہاری مجرم قراردیا تھا۔ اس کی گرفتاری پر 25ہزار روپے انعام کا اعلان ہوا تھا۔
16 اپریل کو ہنومان جینتی جلوس کے دوران جہانگیر پوری علاقہ میں فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 9 افراد بشمول 8 پولیس والے زخمی ہوئے تھے۔ سرور ملک کی گرفتاری کے ساتھ پولیس اب تک 35 گرفتاریاں کرچکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس (کرائم برانچ) وچتر ویر سنگھ نے بتایا کہ دہلی پولیس کے 2 ہیڈکانسٹیبل ایک خبری(مخبر) سے ملنے جہانگیر پوری میں موجود تھے جس نے خبر دی تھی کہ ملک سی بلاک 500 والی گلی جہانگیر پوری میں موجود ہے۔ اسے اسی وقت نہ پکڑا گیا تو وہ آبائی مقام مغربی بنگال فرار ہوجائے گا۔
پولیس فوری حرکت میں آئی۔ 4 پولیس والو ں کی ٹیم نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بھاگ کر سی بلاک سے سی ڈی بلاک جھگی چلاگیا۔
پولیس ٹیم نے سی ڈی بلاک میں اس کا پیچھا کیا لیکن وہاں کے مقامی لوگوں نے اس کی گرفتاری کی مزاحمت کی اور پولیس والوں پر پتھر پھینکے۔سنگباری میں ایک ہیڈکانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ زخمی ہونے کے باوجود پولیس والوں نے ملزم کو پکڑلیا۔