دروپدی مرمو کا صدر جمہوریہ بننا ملک کیلئے باعث فخر: سوندراراجن
آج نئی دہلی میں نومنتخبہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے کہا ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک قبائیلی خاتون صدر جمہوریہ ہند کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئی ہے جو ملک کے لئے قابل فخر بات ہے۔
حیدرآباد: گورنر ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے پھر ایک مرتبہ ریاستی حکومت پروٹوکول کو نظر انداز کردینے کا الزام عائد کیا۔
آج نئی دہلی میں نومنتخبہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے کہا ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک قبائیلی خاتون صدر جمہوریہ ہند کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئی ہے جو ملک کے لئے قابل فخر بات ہے۔
ریاست میں جاری سیلاب کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کی پہلی شہری ہونے کے ناطے انہوں نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ تاہم اس بار بھی عہدیداروں نے پروٹوکول قوانین کو نظر انداز کردیا۔ انھوں نے کہا کہ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان بڑھتے فاصلوں پر انہوں نے کبھی تبصرہ نہیں کیا۔
انہوں نے چیف منسٹر کی جانب سے حالیہ طوفانی بارش کو کلاوڈ برسٹ قرار دیئے جانے پر کہا تھا کہ کلاوڈ برسٹ نہیں بلکہ بالائی حصوں میں آئے سیلاب کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے مزید کہا کہ سیلاب کے متاثرین کو مرکزی حکومت کی جانب سے مدد فراہم کی جارہی ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے نقصانات کی تخمینہ رپورٹ مرکز کو روانہ کردی گئی ہے۔
یو این آئی کے بموجب گورنر تلنگانہ ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر کوئی بھی عہدیدار موجود نہیں تھا۔انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ مرمو کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ تلگوعوام کو فخر سے اونچاکرنے کے لئے وہ کام کررہی ہیں۔انہوں نے اس یقین کااظہار کیا کہ تلنگانہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے مرکزی حکومت مالی مدد کرے گی۔
گورنر نے ریاست کے شدید سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بھدراچلم علاقہ کا کئی مرتبہ دورہ کیا اور بعض مواضعات کی ذمہ داری قبول کی۔بالخصوص قبائلی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔
ان کے دورہ سے ان کی اخلاقی مدد ہوسکتی ہے۔اس سے دوسروں کو بھی پیام جائے گا۔اس میں کسی بھی قسم کی سیاست یا مقصد نہیں ہے۔اس سوال پر کہ آیا راج بھون اور وزیراعلی کے کیمپ آفس پرگتی بھون کے درمیان جو خلا تھا وہ پُرہوگیا ہے تو انہوں نے اس پرکسی بھی قسم کے تبصرہ سے انکارکردیا۔
انہوں نے مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دروپدی مرمو کا صدرجمہوریہ بننا خواتین کیلئے ایک فخر کی بات ہے۔ اس حلف برداری تقریب میں شرکت پر انہیں خوشی ہورہی ہے کیونکہ نچلی سطح سے آنے والی لیڈر کو صدرجمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز کیاگیا ہے، یہ کام صرف ہندوستان میں ہی ہوتا ہے۔
ہندوستان کی عظیم جمہوریہ ثابت ہوگئی ہے کیونکہ ایک عام شخصیت جس نے عوام کے لئے لگن سے کام کیا وہ اس اہم عہدہ پر پہنچی ہیں۔ ان کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے۔وہ تمام بالخصوص خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔