بھارتسوشیل میڈیا

دھرم سنسد: اقلیتوں پر تشدد کرنے کی اپیلیں ٹویٹر اکاؤنٹ کو نوٹس۔مقررین کے خلاف کارروائی نہیں

رام چرت مانس کو ہندو راشٹر ہندوستان کی قومی کتاب قرار دینا‘گائے کو قومی جانور قرار دینا اور شاستری کو زیڈ پلس سیکورٹی دینا۔ بعدازاں اس جلسہ میں اقلیتی برادری کے خلاف تشدد کی اپیلیں بھی کی گئیں۔

نئی دہلی: 5 فروری کو دھریندرشاستری کے حامیوں کی طرف سے ایک سناتن دھرم سنسد (ہندوپارلیمنٹ) کا انعقاد کیا گیا۔ چیف اسپیکر بھکت ہری مہاراج کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والوں کے تین اہم مطالبات ہیں۔

رام چرت مانس کو ہندو راشٹر ہندوستان کی قومی کتاب قرار دینا‘گائے کو قومی جانور قرار دینا اور شاستری کو زیڈ پلس سیکورٹی دینا۔ بعدازاں اس جلسہ میں اقلیتی برادری کے خلاف تشدد کی اپیلیں بھی کی گئیں۔

اِس جلسہ میں ایک پوسٹر لگا ہوا تھا جس میں کہا گیا کہ شری باگیشور دھام کے تمام سادھووں سنتوں اور جنونی افراد کا خیرمقدم ہے۔ پہلے پوسٹر میں جلسہ کی تشہیر کی گئی تھی اور یہ 4 فروری کو باگیشوردھام کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا گیا تھا۔

چیف اسپیکر کا نام پوسٹر پر بھکت ہری مہاراج تحریر کیا گیا تھا اور انہوں نے بھی جلسہ میں تشدد کی اپیل کی۔ شاستری چھترپور میں باگیشور دھام کے سربراہ ہیں۔ حال ہی میں وہ ایک تنازعہ میں گھر گئے تھے کیونکہ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کرشمے کرتے ہیں۔ ان کے کرشمے کو معقولیت پسند شیام مانو نے چالینج کیا تھا جن کاتعلق مہاراشٹرا کے اندھ شردھانرمولن سمیتی سے ہے۔

انہوں نے ناگپور میں ایک جلسہ میں ان کرشموں کو چالینج کیا تھا۔ شاستری یہ جلسہ بیچ میں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ بعدازاں شاستری نے کئی میڈیا چینلوں کو انٹرویو دیئے اور انہیں اپنے آپ کو سادھو قرار دینے کا موقع مل گیا۔ چیف اسپیکر بھکت ہری نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہنومان کی پوجا کرنے والوں کو عیسائی اور مسلمان ماردیں گے۔ جو لوگ گائے کھاتے ہیں وہ لوگ آپ کو بھی کھا جائیں گے۔

گائے کے اندر ہمارے 36 کروڑ دیوی دیوتا رہتے ہیں۔ یہ عیسائی اور مسلمان ہر روز سورج نکلنے سے پہلے دیڑھ لاکھ گائیوں کو کاٹ دیتے ہیں۔ انگریزوں نے کہا تھا توڑو، بانٹو، راج کرو۔ کانگریس نے کہا توڑو،بانٹو، راج کرو۔ عیسائیوں نے کہا توڑو،بانٹو اور راج کرو۔ مسلمانوں نے کہا کاٹو، مارو۔ عیسائیوں نے کہا کاٹو،مارو۔ انہوں نے کہا کب مارو گے؟ ارے عیسائیوں اور مسلمانوں کو کب ماروگے۔ مارنے کے لئے تمہارے پاس ہتھیار نہیں ہیں۔

سبزی کاٹنے کیلئے چاقو تو ہیں، گھر میں ہتھیار رکھو، تلواریں رکھو، بندوقیں رکھو، ہمارے سارے دیوی دیوتا اپنے ہاتھوں میں ہتھیار رکھتے ہیں۔ تم کو ایک ہاتھ میں ہتھیار اور دوسرے ہاتھ میں مذہبی کتاب رکھنا چاہئے۔ اسٹیج سے اقلیتوں کے خلاف جارحانہ تبصرے اور سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر چوانکے کی مخالفت کرنے والوں پر تشدد کرنے کی اپیلیں بھی کی گئیں۔ بھکت ہری کی تشدد کی اپیل کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

دہلی پولیس نے ٹویٹر ہینڈل ”مالیٹیکس“ کو نوٹس جاری کی جس نے اس تقریب کی رپورٹنگ کی تھی۔ دہلی پولیس نے ٹویٹر کے اس پوسٹ کو ”جارحانہ اور اکسانے“ والا پیام قرار دیا جس کی وجہ سے نظم وضبط متاثر ہوسکتا ہے۔

نوٹ کرنے کے قابل بات یہ ہے کہ سناتن دھرم سنسد کے مقررین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس نوٹس کے جواب میں مالیٹیکس کے بانی نے ٹویٹ کیا میں ابھی بھی الجھن میں ہوں۔ آپ یہ ہمیں کیوں بھیج رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ ایسی نوٹس اُن بھگوا پوش مجرموں کو بھی دی گئی ہوگی۔