دہشت گردی کے ملزم کے ساتھ بہار کے وزیر کی تصویر وائرل
پٹنہ کے ضلع پھلواری شریف میں دہشت گردی کیس کے ایک ملزم کے ساتھ بہار کے ایک وزیر کی تصویر آج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ملزم کا تعلق پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے بتایا جاتا ہے۔

پٹنہ: پٹنہ کے ضلع پھلواری شریف میں دہشت گردی کیس کے ایک ملزم کے ساتھ بہار کے ایک وزیر کی تصویر آج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ملزم کا تعلق پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے بتایا جاتا ہے۔
تصویر میں دیکھے جانے والے وزیر آرجے ڈی کے رکن اسمبلی محمد عزرائیل منصوری ہیں۔ حال ہی میں وہ گیا کے وشنو پد مندر میں چیف منسٹر نتیش کمار کے ساتھ گئے تھے جس پر ایک بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ مندر کے عہدیدار کسی غیرہندو کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے۔
ایک کوچنگ سنٹر کے آپریٹر محمد اکرام جو ضلع مظفرپور کے مدیپور علاقہ کے ساکن ہیں۔ اس تصویر میں ایک عام تقریب میں منصوری کے ساتھ کھڑے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے حال ہی میں پھلواری شریف دہشت گردی کیس کے سلسلہ میں اکرام کے کوچنگ سنٹر اور مظفر پور میں ان کے مکان پر بھی دھاوا کیا تھا۔
ایجنسی نے یہاں سے چند دستاویزات اور ایک لیاب ٹاپ ضبط کیا تھا۔ لیاب ٹاپ کی اسکیانگ کے دوران منصوری کے ساتھ اکرام کی فوٹو سامنے آئی۔
منصوری سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے وضاحت کی میں نہیں جانتا کہ میرے ساتھ کون کھڑا ہے۔ جب میں بہار حکومت میں وزیر بنا تھا تو کئی افراد نے میرے ساتھ تصویر کشی کرائی تھی، دیگر کئی افراد نے سیلفی بھی لی تھی۔ چند لوگوں نے یہ خواہش کی تھی کہ میں ان کے کندھے پر اپنا ہاتھ رکھوں۔ مجھ سے ملاقات کرنے والے ہر شخص کو یاد رکھنا میرے لئے آسان نہیں۔