دہلی

راجیو گاندھی کی یوم پیدائش، راہول اور پرینکا گاندھی کا خراج

راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے آج صبح سابق وزیر اعظم کے سمادھی استھل ویربھومی جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور گلہائے عیقدت نذرکئے۔ اس دوران پارٹی کے کئی بڑے لیڈر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ویر بھومی پر موجود تھے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 78 ویں سالگرہ پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی اور محترمہ واڈرا نے آج صبح سابق وزیر اعظم کے سمادھی استھل ویربھومی جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور گلہائے عیقدت نذرکئے۔

اس دوران پارٹی کے کئی بڑے لیڈر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ویر بھومی پر موجود تھے۔ کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جے رام رمیش نے سابق وزیر اعظم کو ان کی سالگرہ پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت سے انقلابی قدم اٹھائے ہیں جس سے ملک کی ترقی کی راہ آسان ہوئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر ملک کی خدمت کرنے کے لیے راجیو گاندھی کو صرف ایک مدت کار ملی، جسے کئی تاریخی اور دور رس کامیابیوں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ ان خاص حصولیابیوں میں معلوماتی انقلاب، پنچایتی راج اور نوجوانوں کو ووٹ دینے کا حق اہم ہیں۔

رمیش نے راجیو گاندھی کے دور حکومت میں چھ اہم حصولیابیوں کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ یہ نمایاں کام ان کی شخصیت، عزم اور قائدانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ گاندھی کے دور میں حاصل کی گئی حصولیابیوں کاذکر کرتے ہوئے رمیش نے کہا کہ انہوں نے معلوماتی انقلاب کی بنیاد رکھی جس نے ہندوستان کو مکمل طور پر بدل دیا۔

 ملک کمپیوٹر، ٹیلی کمیونیکیشن اور سافٹ ویئر کی ترقی کے دور میں داخل ہوا اور سماجی چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی مشن کا آغاز کیا۔ رمیش نے کہا کہ انہوں نے پنچایتوں اور میونسپلٹیزکو خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کے ساتھ آئینی درجہ حاصل کرنے کی ذاتی طورپر قیادت کی۔

 اسی طرح سے آسام، پنجاب، میزورم اور دارجلنگ میں جیسے ملک کے شورش زدہ علاقوں میں امن کی بحالی اور انہیں ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لیے کئی معاہدے کیے۔ ترجمان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے 18 سال کے نوجوانوں کو ووٹ کا حق دیا، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کے ہر ضلع میں نوودیا ودیالیوں کا نیٹ ورک تیارکیا اور سوامی وویکانند کی سالگرہ کو قومی یوم نوجوانان قرار دیا۔

 گنگا کی صفائی کے لیے ‘گنگا ایکشن پلان’ اور بنجر زمین پر جنگلات لگانے کے لیے ‘نیشنل ویسٹ لینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ’ قائم کیا اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے جامع قوانین بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نے لبرلائزیشن کا عمل شروع کیا جس نے 1991 کی اقتصادی اصلاحات کی راہ ہموار کی۔

اسی طرح چین اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے اور اقوام متحدہ میں عالمی اور مکمل جوہری تخفیف اسلحہ کے لیے ایک ایکشن پلان پیش کیا۔

a3w
a3w