ریاست میں نارمل زچگیوں کو فروغ دینے کی ضرورت : ہریش راؤ
ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے ریاست میں آپریشن کے ذریعہ زچگیوں کی تعداد میں کمی لانے اور نارمل زچگیوں کو فروغ دینے کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے ریاست میں آپریشن کے ذریعہ زچگیوں کی تعداد میں کمی لانے اور نارمل زچگیوں کو فروغ دینے کی ہدایت دی۔
میڈیکل آفیسرس، آشاورکرس اور اے این ایمس کے ساتھ منعقد ہ ماہانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں پرائمری ہیلتھ شعبہ کو مستحکم بنانے کیلئے929 ڈاکٹرس کا تقرر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ہر گاؤں، ٹاون میں سب ہیلتھ سنٹرس اور پرائمری ہیلتھ سنٹرس کیلئے عمارتوں کی تعمیر اور مرمت کے کام انجام دئیے جارہے ہیں۔
ڈاکٹرس کے ساتھ ساتھ نیم طبی عملہ، نرس کے تقرر پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ قیام تلنگانہ کے وقت، نومولود کی شرح اموات34تھی لیکن اب یہ شرح صرف23رہ گئی ہے۔ اسی طرح زچہ کی اموات کی تعداد92 تھی جو اب گھٹ کر 43 ہوگئی ہے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ ہر اس شخص کا جودواخانہ سے رجوع ہوتا ہے، بہترین علاج کیا جانا چاہئے کسی کی ایک غلطی کی سزا مریض یا مریضہ کو نہیں دی جانی چاہئے۔ غریبوں کی ذمہ داری کے ساتھ خدمت کرنا ہمارا مقصد ہونا چاہئے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کٹس اور اماووڈی وہیکلس کی تعداد بڑھانے، نارمل زچگیوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہر یش راؤ نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے وقت سرکاری دواخانوں میں پیدائش کی شرح30 فیصد تھی اور8 سالوں میں بڑھ کر یہ شرح 66 فیصد ہوگئی ہے۔