سوشیل میڈیاشمالی بھارت

سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے دفتر میں ایک شخص کو مرغا بننے کی سزا، عہدیدار معطل (ویڈیو)

بریلی (اترپردیش) : میر گنج تحصیل کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا تھا، جس میں وہ ایک شخص کو سزا کے طور پر مرغا بننے کے لیے کہتے نظر آر ہے ہیں۔

متعلقہ خبریں
معاشقہ کا معاملہ، باپ نے حاملہ بیٹی کا گلا گھونٹ دیا
فیس بک پر پاکستانی پرچم پوسٹ کرنے بریلی میں نوجوان گرفتار
بریلی میں اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹ، 8 افراد کے خلاف کیس درج

یہ شخص شمشان کی زمین پر مبینہ ناجائز قبضہ کے خلاف شکایت درج کرانے ایس ڈی ایم کے دفتر پہنچا تھا، لیکن اس عہدیدار نے بطورِ سزا مبینہ طور پر اس سے کہا تھا ”مرغا بنو (اکڑوں بیٹھ کر ہاتھ سے دونوں کان پکڑنا)۔ اس واقعہ کا ویڈیو جمعہ کے روز وائرل ہوگیا۔

بریلی کے ڈویژنل کمشنر سومیا اگروال نے آج بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ بریلی کے ضلع مجسٹریٹ شیو کانت دویدی کا کہنا ہے کہ بادئ النظر میں ایس ڈی ایم اُدت پوار کی لاپرواہی سامنے آئی ہے اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس سے اٹیچ کردیا گیا ہے۔

دیش دیپک سنگھ کو پوار کی جگہ بریلی کا ایس ڈی ایم بنایا گیا ہے۔ پوار نے تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ شکایت گزار خود مرغا بن گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی شکایت گزار کو مرغا بننے یا اٹھ بیٹھ کرنے کے لیے نہیں کہا تھا۔ یہ نوجوان میرے دفتر آیا اور کمرہ میں داخل ہوتے ہی مرغا بن گیا۔

اس کے دوستوں نے تصاویر لے لیں اور ویڈیوز بنالیں اور بعد ازاں ان ویڈیوز کو وائرل کردیا۔ میں نے انھیں تیقن دیا کہ اس معاملہ کی تحقیقات تحصیلدار کے ذریعہ کرائی جائیں گی اور اگر شمشان کی زمین پر کوئی ناجائز قبضہ پایا جائے تو کارروائی کی جائے گی۔

شکایت گزار نے الزام عائد کیا ہے جب اس نے اور بعض دیہاتیوں نے ایس ڈی ایم سے کہا کہ وہ منڈن پور گاؤں میں مبینہ ناجائز قبضہ کے خلاف کارروائی کریں تو پوار برہم ہوگیا۔ اس نے ہماری توہین کی اور پھر ہم میں سے ایک شخص سے کہا کہ وہ بطورِ سزا مرغا بن جائے۔

منڈن پور گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ چند مسلمانوں نے شمشان کی زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔

اگر شمشان میں آخری رسومات انجام نہ دی جائیں تو واحد متبادل دریائے رام گنگا کے کنارے رسومات کی انجام دہی رہ جاتا ہے، لیکن فی الحال دریا میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور وہاں بھی آخری رسومات انجام نہیں دی جاسکتیں۔ جمعہ کے روز دیہاتیوں نے اس معاملہ میں ایس ڈی ایم پوار کو ایک یادداشت پیش کی، جس پر ان سے کہا گیا کہ تحصیلدار کی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔