سماج وادی پارٹی کے خلاف مہم چلانے مولانا شہاب الدین رضوی کی اپیل

آل انڈیا تنظیم علمائے اسلام کے قومی جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رضوی نے سہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی) کے صدر اوم پرکاش راج بھر کو لکھا ہے کہ سماج وادی پارٹی سے علٰحدگی کے بعد ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

بریلی: آل انڈیا تنظیم علمائے اسلام کے قومی جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رضوی نے سہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی) کے صدر اوم پرکاش راج بھر کو لکھا ہے کہ سماج وادی پارٹی سے علٰحدگی کے بعد ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

مولانا نے اکھیلیش یادو پر مسلم فرقہ کے مسائل نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ مولانارضوی نے اپنے مکتوب میں لکھا آپ نے سماج وادی پارٹی کے ساتھ مل کر اترپردیش اسمبلی الیکشن لڑا لیکن کامیابی نہیں ملی۔

آپ نے اکھلیش یادو کے کام کرنے کے انداز پر سوال اٹھائے۔ آپ نے ان سے کہا کہ ایرکنڈیشنڈ کمروں سے باہرنکلو۔ اعظم خان نے بھی آپ کی مخالفت کی۔ سماج وادی پارٹی نے رامپور اور اعظم گڑھ جیسی مسلم اکثریتی نشستیں گنوادیں۔

اب مسلمان اعظم خان کی نہیں سن رہے ہیں کیونکہ وہ اقربا پروری کے بات کرتے ہیں۔ مولانا نے راج بھر سے اپیل کی کہ وہ سماج وادی پارٹی کے خلاف مہم کا جلد سے جلد اعلان کریں جسے انہوں نے ڈوبتا جہازقراردیا۔

مولانا نے کہا کہ تقریباً 50 فیصد مسلمان‘ سماج وادی پارٹی سے دورہوچکے ہیں۔ اگلے لوک سبھا الیکشن تک باقی مسلمان بھی سماج وادی پارٹی سے دورہوجائیں گے۔

مولانا شہاب الدین رضوی نے راج بھر، شیوپال یادو‘مولاناتوقیر رضا خان اور دیگر قائدین کو مشورہ دیاکہ وہ متحدہ محاذبنائیں اور سماج وادی پارٹی کے خلاف مہم چلائیں۔