سناتن دھرم کے خلاف سازش بے نقاب کرنے وارانسی میں سانسکرتک سنسد
اکھل بھارتیہ سنت سمیتی‘ وارانسی میں 2 نومبر سے سہ روزہ سانسکرتک سنسد طلب کرے گی جس میں سارے ملک میں سادھو سنت حصہ لیں گے تاکہ سناتن دھرم کے خلاف سازش بے نقاب کی جائے۔

لکھنو: اکھل بھارتیہ سنت سمیتی‘ وارانسی میں 2 نومبر سے سہ روزہ سانسکرتک سنسد طلب کرے گی جس میں سارے ملک میں سادھو سنت حصہ لیں گے تاکہ سناتن دھرم کے خلاف سازش بے نقاب کی جائے۔
لکھنو کے ویدانت ست سنگ آشرم میں اتوار کے دن اکھل بھارتیہ سنت سمیتی نے اپنی قومی عاملہ میٹنگ میں سانسکرتک سنسد طلب کرنے کی تجویز منظور کی۔
سنسد‘ کاشی وشواناتھ مندر میں شروع ہوگی۔ سمیتی نے امریکی تاجر جارج سوروس اور چند ہندوستانی سیاستدانوں کو ہندو مذہب کے خلاف پروپگنڈہ کے لئے نشانہ ئ تنقید بنایا۔
سمیتی کے قومی جنرل سکریٹری جتیندر آنند سرسوتی نے بتایا کہ سنسد میں ملک بھر کے 600مہامنڈلیشور اور سادھو سنتوں کی بڑی تعداد حصہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی تاجر جارج سوروس کی قیادت میں ہندو دھرم کے خلاف جاری سازش کو بے نقاب کرنے سانسکرتک سنسد طلب کی گئی ہے۔
بعض ہندوستانی سیاستداں بشمول وزیر تعلیم بہار چندرشیکھر‘ یوپی کے سوامی پرساد موریہ اور ٹاملناڈو کے اُدئے ندھی اسٹالن‘ ہندو مذہب کے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہیں۔