شمالی بھارت

لالو پرساد یادو کی 7 ماہ بعد پٹنہ واپسی

چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آر جے ڈی سربراہ لالو یادو سے ملاقات کی، جو 7 ماہ بعد اپنے آبائی شہر لوٹے ہیں۔

پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آر جے ڈی سربراہ لالو یادو سے ملاقات کی، جو 7 ماہ بعد اپنے آبائی شہر لوٹے ہیں۔

یہ ملاقات اِن قیاس آرائیوں کے بیچ ہوئی کہ دونوں قائدین آئندہ سال کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے ٹکر لینے ملک گیر اپوزیشن اتحاد کے لیے مل جل کر کام کریں گے۔

نتیش کمار جمعہ کی شام سابق چیف منسٹر بہار اور لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی کے بنگلہ گئے۔ لالو پرساد یادو 7 ماہ سے پٹنہ سے باہر تھے، جس کے دوران انھوں نے سنگا پور میں گردہ کی پیوندکاری کرائی اور سنگا پور سے واپسی کے بعد دہلی میں اپنی بڑی بیٹی میسا بھارتی کے بنگلہ میں آرام کررہے تھے۔

بہار کے دو سینئر قائدین کی تقریباً 30 منٹ کی ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی، یہ معلوم نہ ہوسکا۔ بہار کی سیاست میں یہ دونوں قائدین بڑا بھائی۔ چھوٹا بھائی کہلاتے ہیں۔

یہ دونوں 1970ء کی دہے کی جے پی مؤومنٹ سے قریبی ساتھی رہے ہیں۔ اُس وقت یہ دونوں اسٹوڈنٹ لیڈرس تھے۔ مابعد منڈل دور میں دونوں او بی سی قائدین کا سیاسی قد بڑھتا چلا گیا۔