مجبور و نادار بیماروں میں ادوایات کی مفت تقسیم کا نظم
شہر حیدرآباد کی سلم بستیوں میں ہزاروں ایسے بیمار موجود ہیں جو اپنا بہتر علاج و معالجہ کروانے سے قاصر ہیں اور مستقل عارضوں کا شکار ایسے مستحق بیمار معمولی دواؤں کے ذریعہ وقتی راحت پاکر اپنی بیماریوں کو بڑھاوا دیتے ہیں جو کہ ان کی مجبوری ہے۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی سلم بستیوں میں ہزاروں ایسے بیمار موجود ہیں جو اپنا بہتر علاج و معالجہ کروانے سے قاصر ہیں اور مستقل عارضوں کا شکار ایسے مستحق بیمار معمولی دواؤں کے ذریعہ وقتی راحت پاکر اپنی بیماریوں کو بڑھاوا دیتے ہیں جو کہ ان کی مجبوری ہے۔
ایسے ہی مجبور اور بے بس و نادار بیماروں کے مفت علاج و معالجے کے لیے صفا بیت المال نے مستقلًا مفت میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ پچھلے زائد از پندرہ سالوں سے جاری ہے جہاں مستحق بیمار رجوع ہوتے ہیں اور ادارہ ان کو مکمل علاج و دوائیں فراہم کرتا ہے۔
ادارہ نے حقیقی مستحقین کو تلاش کرکے ان میں سفید کارڈز جاری کیے ہیں تاکہ انہیں ادارہ کی مراعات فراہم کی جا سکیں۔ صفا بیت المال کے ڈاکٹرس سفید کارڈ کے حامل مستحق بیماروں کی عام بیماریوں کے علاوہ شوگر، بی پی، استھما، تھائیرائیڈ وغیرہ کی تشخیص کرتے ہیں اور مستقل علاج کے لیے انہیں مہینہ بھر کی دوائیں بھی مفت دی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ حسب ضرورت شوگر اور بی پی،استھما اور تھائیرائیڈ کے معائنے وغیرہ بھی مفت کئے جاتے ہیں، حیدرآباد کے مختلف مقامات پر مہینہ میں ایک مرتبہ کی ترتیب پر میڈیکل کیمپس قائم کئے جاتے ہیں ’’ہاشم آباد، کشن باغ، ملک پیٹ، چندولال بارہ دری، آسمان گڑھ، ریاست نگر، عطا پور، بابا نگر، سنگارینی کالونی، میر محمود پہاڑی، شاہین نگر، جل پلی، یاقوت پورہ وغیرہ کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی مفت میڈیکل کیمپس قائم کئے جاتے ہیں۔
ان تمام کیمپس میں ماہر تجربہ کار سینئرڈاکٹر محمد حفیظ الدین احمد ایم بی بی ایس کی مستقل خدمات حاصل ہیں۔
واضح ہو کہ موبائل کلینک کی اس خدمت سے ہر ماہ ہزاروں بیمار رجوع ہوتے ہیں اور اپنا علاج کرواتے ہیں۔ادارہ کی جانب سے مہینے کے آغاز سے قبل ہی تمام مہینے کا شیڈول جاری کردیا جاتا ہے اور ہر ماہ دنوں کے اعتبار سے کیمپس بھی جاری ہیں۔
اہل خیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ ان میڈیکل کیمپس کے انعقاد کے لیے اپنی جانب سے یا اپنے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے تعاون کریں۔مزید تفصیلات کے لیے فون 8142211111 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔