مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ، محمود پراچہ کا دورہ حیدرآباد
تلنگانہ میں وقف املاک کی صیانت کے لئے مسلم یونائیٹیڈ فیڈریشن کی جاری مہم سے متاثر ہو کر ملک کے مایہ ناز ممتاز قانون داں محمود پراچہ سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ نے اپنی نگرانی میں ریاست تلنگانہ میں مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ مہم کا آغاز کیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں وقف املاک کی صیانت کے لئے مسلم یونائیٹیڈ فیڈریشن کی جاری مہم سے متاثر ہو کر ملک کے مایہ ناز ممتاز قانون داں محمود پراچہ سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ نے اپنی نگرانی میں ریاست تلنگانہ میں مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ مہم کا آغاز کیا۔
اس مہم میں نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کے مختلف و بیرونی ممالک سے جو اوقافی املاک کی حفاظت کے لئے فکر مند تھے، کافی تعداد میں لوگ جڑ رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ مہم اپنے مقصد کے حصول تک قانونی او رزمینی سطح پر اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔
اس تحریک کو طاقتور بنانے اور عملی اقدامات کے لئے مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ مہم زمینی سطح کی جدوجہد کے لئے مشن کے سربراہ محمود پراچہ سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ 2 روزہ دورہ پر حیدرآباد آرہے ہیں مشن دستور اور موقوفہ جائیدادیں بچاؤ کے سپریم کورٹ محمود پراچہ جمعرات 15 / جون کو رات 8 بجے حیدرآباد پہنچیں گے۔
صدر مسلم یونائیٹیڈ فیڈریشن نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 15 / جون کی رات ایک خصوصی میٹنگ ہوگی۔
جمعہ 16 / جون کو صبح 7 تا 12 بجے دن شہر کے مختلف اوقافی جائیدادیں جس پر غیر مجاز قبضے ہوگئے ہیں یا قبضے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور شہر کے قلب میں واقع مساجد جو وقف بورڈ کی لاپرواہی کا شکار ہو کر غیر آباد ہیں، وہاں کا مشاہدہ کریں گے۔ نماز جمعہ مکہ مسجد میں ادا کریں گے۔
بعد جمعہ شہر کے معززین اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ 3 بجے سہ پہر سوماجی گوڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ 4 بجے سہ پہر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔
ہفتہ 17 / جون صبح 7 بجے شہر کے مضافات میں مقبوضہ وقف جائیدادوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کریں گے۔ ہفتہ 17 / جون کی شام 5 بجے میڈیا پلس گن فاؤنڈری، عابڈس میں عوامی اجلاس سے خطاب کریں گے۔