ملک کو دستور کا تحفظ کرنے والے صدرجمہوریہ کی ضرورت: یشونت سنہا
یشونت سنہا اپنے لئے تائید حاصل کرنے گجرات آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں جو دستورِ ہند کا تحفظ کرسکتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک سنگین دستوری اور معاشی بحران سے گزررہا ہے۔
گاندھی نگر: اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا نے جمعہ کے دن کہا کہ ملک کو ایسے صدرجمہوریہ کی ضرورت ہے جو دستور کا تحفظ کرسکے۔یشونت سنہا اپنے لئے تائید حاصل کرنے گجرات آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں جو دستورِ ہند کا تحفظ کرسکتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک سنگین دستوری اور معاشی بحران سے گزررہا ہے۔ ایسے و قت ملک کو ایسے صدرجمہوریہ کی ضرورت ہے جو قومی مفاد کی قیمت پر پارٹی لائن پر نہ چلے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غیرمعلنہ ایمرجنسی ہے۔ میڈیا کو تک اپنے پروفیشن کی آزادی نہیں ہے۔ ارکان ِ اسمبلی و پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ انہیں گجرات میں کانگریس‘ بی ٹی پی اور این سی پی کے ارکان ِ اسمبلی و پارلیمنٹ کے ووٹ ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرستی اس لئے پھیل رہی ہے کہ مملکت اس کی تائید کررہی ہے کیونکہ فرقہ پرستی اس کا ووٹ بینک مستحکم کررہی ہے۔