مودی پر دستاویزی فلم، بی بی سی کے خلاف پولیس میں شکایت
سپریم کورٹ کے وکیل اور سماجی کارکن ونیت جندل نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ایک دستاویزی فلم بنانے پر برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے خلاف آج شکایت درج کرائی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ کے وکیل اور سماجی کارکن ونیت جندل نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ایک دستاویزی فلم بنانے پر برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے خلاف آج شکایت درج کرائی۔
اس دستاویزی فلم میں گجرات میں 2002ء کے فسادات کے دوران ریاستی چیف منسٹر کی حیثیت سے مودی کی قیادت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ایڈوکیٹ نے ٹوئٹر پر لکھا’ملک کے عوام نے مودی کو وزیر اعظم منتخب کیا ہے، ملک میں دستوری حکومت ہے اور بی بی سی نیوز کی یہ حرکت نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں مسلمانوں کو ہندوؤں کے خلاف اُکسانے کی سازش ہے، اسی لیے یہ خطرناک ہوسکتی ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
ایڈوکیٹ نے یہ بھی کہا کہ ملک کی یکجہتی پر حملہ کرنے پر انھوں نے بی بی سی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔
انہوں نے تعزیراتِ ہند کی دفعہ 121، 153، 53A & B، 295، 298 اور 505 کے تحت شکایت درج کرائی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر بی بی سی کی دستاویزی فلم کی ریلیز کے بعد سے ہی چند گوشوں سے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے کل اسے پروپگنڈہ کا حصہ قرار دیا تھا۔