ویڈیو: او بی سی قائد‘ مخالف برہمن ریمارکس پر بی جے پی سے خارج
ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ برہمن پجاری عوام کو بیوقوف بناتے ہیں، ان کا پیسہ اور اناج لوٹتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاتھا کہ چند پجاری خواتین کو گھورتے ہیں اور اپنے پروچن کے دوران نوجوان لڑکیوں کو سامنے کی صف میں بٹھاتے ہیں۔

بھوپال: بھارتیہ جنتا پارٹی کے مدھیہ پردیش یونٹ نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیڈر پریتم لودھی کو خارج کردیا ہے۔ وہ ضلع شیو پوری سے تعلق رکھتے ہیں اور سابق چیف منسٹر اوما بھارتی کے رشتہ دار ہیں۔ ان کے مخالف برہمن اور مخالف خواتین تبصروں پر انہیں پارٹی سے خارج کیا گیا ہے۔
بی جے پی نے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں ان کی تحریری معذرت خواہی کے باوجود لودھی کے خلاف یہ کارروائی کی ہے۔ لودھی نے ماضی میں دو مرتبہ شیو پوری کے پچھوڑ حلقہ سے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیاتھا، تاہم ناکام رہے تھے۔
حکمراں جماعت کے ریاستی جنرل سکریٹری اور آفس انچارج بھگوان داس سبنانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی نے برہمنوں اور خواتین کے خلاف لودھی کے تبصرہ کا سنگین نوٹ لیا ہے اور ان کاجرم ناقابل معافی ہے، لہٰذا بی جے پی کے ریاستی صدر وی ڈی شرما نے جمعہ کے روز لودھی کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی جے پی کے لیے سماجی ہم آہنگی اور خواتین کا احترام انتہائی اہم ہے۔ لودھی نے 17 اگست کو شیوپوری کے بدرواس علاقہ میں رانی اونتی بائی لودھی کے یومِ پیدائش کے موقع پر خطاب کیاتھا اور یہ ویڈیو وائرل ہوگیا تھا۔
اس ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ برہمن پجاری عوام کو بیوقوف بناتے ہیں، ان کا پیسہ اور اناج لوٹتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاتھا کہ چند پجاری خواتین کو گھورتے ہیں اور اپنے پروچن کے دوران نوجوان لڑکیوں کو سامنے کی صف میں بٹھاتے ہیں۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن کانگریس نے بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا تھا جبکہ برہمن برادری کی تنظیموں نے ریاست بھر میں احتجاج کیاتھا اور انہیں پارٹی سے خارج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لودھی کے خلاف شیو پوری کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آرس بھی درج کی گئی تھیں۔