چھتیس گڑھ کے ہیلتھ سنٹر میں نرس کی اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ، 3 افراد گرفتار
چھتیس گڑھ میں ایک ہیلتھ سنٹر میں 4 افراد نے جن میں ایک نابالغ بھی شامل تھا، ایک نرس کو باندھ دیا، اس کے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا اور اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی۔

بھوپال: چھتیس گڑھ میں ایک ہیلتھ سنٹر میں 4 افراد نے جن میں ایک نابالغ بھی شامل تھا، ایک نرس کو باندھ دیا، اس کے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا اور اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی۔
3 ملزمین بشمول 17 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ چوتھا مفرور ہے۔ نرس نے الزام عائد کیا تھا کہ چاروں ملزمین نے جنسی حملے کی ریکارڈنگ بھی کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ پولیس کو اطلاع دینے پر اسے قتل کردیں گے۔
اس واقعہ کی اطلاع ضلع مہندر گڑھ کے موضع چھپچھپی سے دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین نے متاثرہ خاتون کو جمعہ کے روز تقریباً 3 بجے دن ہیلتھ سنٹر میں تنہا کام کرتا ہوا پایا۔
وہ لوگ سنٹر میں داخل ہوگئے۔ اسے باندھ دیا اور اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ بعد ازاں نرس نے اپنے والدین کو اطلاع دی اور پولیس میں شکایت درج کرائی۔ ہر طرف سے اس واقعہ کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قائدین نے بھوپیش بگھیل کی زیرقیادت حکومت ِ چھتیس گڑھ کے خلاف احتجاج منظم کیا۔
ہیلتھ ورکرس کے ایک گروپ نے دوردراز علاقوں میں کام کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت ِ چھتیس گڑھ سے اپیل کی کہ انہیں سیکوریٹی فراہم کی جائے ورنہ وہ کام بند کردیں گے۔