چیف منسٹر کا دورہ دامرچرلہ، یدادری تھرمل پلانٹ کاموں کا معائنہ
چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع نلگنڈہ کا دورہ کرتے ہوئے دا مر چر لہ منڈل کے ویر لہ پا لم موضع میں 29 ہزار 965 کروڑ کی لاگت سے زیرتعمیر ملک کے سب سے بڑے یدادری تھر مل پاور پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

مریال گوڑہ: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع نلگنڈہ کا دورہ کرتے ہوئے دا مر چر لہ منڈل کے ویر لہ پا لم موضع میں 29 ہزار 965 کروڑ کی لاگت سے زیرتعمیر ملک کے سب سے بڑے یدادری تھر مل پاور پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
چیف منسٹر‘ آج حیدرآباد کے بیگم پیٹ ائیر پورٹ سے ہیلی کاپٹرکے ذریعہ دا مر چر لہ منڈل پہنچے، انکے ہمراہ وزراء جی جگدیش ریڈی،ای دیاکر راؤ صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیند ر ریڈی کے علاوہ چیف سیکریٹری سومیش کمار، سکریٹری سمیتا سبھر وال سی ایم ڈی جینکو پربھا کر راؤ موجود تھے۔
کے سی آر نے پلانٹ کے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ عہدہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے معلومات حاصل کی اور تعمیراتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دیں، انہوں نے پاور پلانٹ کے تعمیراتی کاموں پر مشتمل ایک تصویری نمائش کا بھی مشاہدہ کیا۔
بعد ازاں انہوں نے اعلیٰ عہدِ یداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا، اور اْنہیں اس بات کی ہدایت دی کہ ستمبر 2023 تک تھرمل پاور پلانٹ کے 5 میں سے ایک پلانٹ جو 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے‘کے کام مکمل کر یں، واضح رہے کہ یدادری تھر مل پاور پلانٹ کی تعمیر میں روزآنہ 10 ہزار مزدور مختلف شفٹوں میں کام کر رہے ہیں۔
اس پلانٹ کا سنگ بنیاد کے چندر شیکھر راؤ نے 17 اگست 2015 میں رکھا، بی ایچ ای ایل کمپنی کو اِسکی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، اب تک 60 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکے ہیں۔چیف منسٹرکے دورہ کے موقع پر کانگریسی قائدین کی قیادت میں مقامی کسانوں اور عوام نے اْنکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، اْنکی مانگ تھی کہ کے سی آرنے اراضی حوالے کرچکے کسانوں کے خاندان کے ایک فردکونوکری فراہم کرنے اور اراضی کے معاوضہ اداکرنے کاوعدہ کیاتھا۔
مگر ان کایہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے حلقہ اسمبلی مر یال گوڑہ کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا، اس موقع پر ہلکی کشید گی دیکھی گئی لیکن پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے پر امن طریقہ سے احتجاج کو ختم کر وادیا، احتیاطی طور پر آج صبح سے ہی پولیس نے مر یال گوڑہ اور دا مر چر لہ منڈل میں موجود کانگریس کے قائدین کو حراست میں لے لیا، جن میں صدر ضلع نلگنڈہ کانگریس شنکر نائک، مر یال گوڑہ بلدیہ میں فلور لیڈر بی ایل آر شا مل ہیں۔
اس موقع پر رکن اسمبلی مر یال گوڑہ این بھا سکر راؤ، نلگنڈہ رکن اسمبلی کے بھو پال ریڈی، رکن اسمبلی حضور نگر سیدی ریڈی،رکن اسمبلی دیور کنڈہ رویندر نائک،رکن اسمبلی کو دا ڑ بی یادو، رکن اسمبلی نا گر جنا ساگر نو مولہ بھگت،رکن اسمبلی نکریکل سی لنگیّا، رکن اسمبلی منگو ڈ کے پربھا کر ریڈی، سابق سی پی ایم رکن اسمبلی مر یال گوڑہ جے رنگا ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس کے کار کنان موجود تھے۔