کسانوں کو مالی مدد اور معاوضہ فراہم کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست: کے ٹی آر
کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں کی حکومت، کسانوں کو ہر سال فی ایکڑ10ہزار روپے انوسٹمنٹ مدد کررہی ہے اور فصلوں کی تباہی پر کسانوں کو فی ایکڑ10ہزار روپے کا معاوضہ ادا کررہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر کے ٹی رامار اؤ نے جمعہ کے روز بی آر ایس کو بھارتیہ رعیتو سمیتی سے تعبیر کیا۔ بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں کی حکومت، کسانوں کو ہر سال فی ایکڑ10ہزار روپے انوسٹمنٹ مدد کررہی ہے اور فصلوں کی تباہی پر کسانوں کو فی ایکڑ10ہزار روپے کا معاوضہ ادا کررہی ہے۔
وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس اعلان پر جس میں کے سی آر نے غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کی تباہی پر متاثرہ کسانوں کو فی ایکڑ 10ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کی بات کہی تھی، آج ردعمل کااظہار کررہے تھے۔
چیف منسٹر کے سی آر نے جمعرات کے روز مختلف اضلاع کے دورہ کے دوران ژالہ باری سے متاثر ہ فصلوں کے مشاہدہ کے بعد کسانوں کو فی ایکڑ10ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ کے ٹی آر نے اُس جذباتی تصور کو ٹوئٹر پرشیئر کیا جس میں چیف منسٹر کے سی آر، فصل کی تباہی سے مایوس ایک کسان کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر اسے دلاسہ دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا کے سی آر پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے عوام کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ”اگر آپ دوسروں پر بھروسہ کریں تے تو تلنگانہ،100 سال پیچھے چلا جائے گا“۔ تلنگانہ میں اسمبلی الیکشن شیڈول کے مطابق اس سال کے اواخر میں منعقد ہوں گے۔
بی جے پی اور کانگریس دونوں بی آر ایس کے متبادل کے طور پر بہتر کام کرنے کا تیقن دے رہے ہیں۔ ا یک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔گورنر نے کہا تھا کہ مہاتما گاندھی کے پاس ڈگری نہیں تھی۔
گورنر کے اس تبصرہ پر کے ٹی آر نے کہا کہ انہیں اس بات پر کوئی حیرت نہیں ہوگی کہ آئندہ گوڈ سے کو امن کا نوبل انعام دلانے کیلئے واٹس ایپ یونیورسٹی مہم چلائے گی۔