کشن گنج میں دو مندروں کو آگ لگا دی گئی
بہار کے مسلم اکثریتی ضلع کشن گنج میں بعض نامعلوم اشرار نے کل رات دیر گئے ہندوؤں کے دو مندروں کو نشانہ بنایا۔
کشن گنج: بہار کے مسلم اکثریتی ضلع کشن گنج میں بعض نامعلوم اشرار نے کل رات دیر گئے ہندوؤں کے دو مندروں کو نشانہ بنایا۔ یہ واقعہ ضلع کشن گنج کے پوچا دمن پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مستان چوک میں پیش آیا، جہاں اشرار نے دو ہندو مندروں کو آگ لگا دی۔
بجرنگ بلی مندر کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ درگا ماتا کی مندر مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔ دونوں مندروں کے بیچ بجرنگ نامی ایک دکاندار کی دکان اور مدن لال کا مکان خاکستر ہوگیا، جو بجرنگ بلی مندر کا پجاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد برہم عوام نے مستان چوک کو مسدود کرتے ہوئے اور ملزمین کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔
ضلع انتظامیہ کی ٹیم فوری جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور عوام کو سمجھا بجھاکر راستہ کھلوا دیا۔ مقامی عوام کے مطابق اس علاقہ میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کے مقصد سے ہندوؤں کے مندروں کو نشانہ بنایا گیا۔
عوام نے مطالبہ کیا کہ پکا مندر توڑنے والوں کی نشاندہی کی جائے، ایک ایس آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے انھیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ صورتِ حال اب قابو میں ہے اور ہندوؤں کا وہاں سے تخلیہ کرادیا گیا ہے۔
متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا۔ ڈی ایس پی اجیت پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور خاطی پائے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔