دہلی

گجرات میں کرپشن سے پاک حکومت فراہم کریں گے: کجریوال

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے اعلان کیا کہ گجرات میں ان کی پارٹی کو اقتدار ملنے پر اس بات کا تیقن کیا جائے گا کہ چیف منسٹر، وزراء اور ارکانِ مقننہ، سرکاری عہدیدار اگر کرپشن میں ملوث پائے گئے تو انہیں جیل بھیجا جائے۔

احمد آباد: ریاست جس میں اب بی جے پی کی حکمرانی ہے، عام آدمی پارٹی اقتدار حاصل کرنے پر چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کرپشن سے پاک حکومت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے اعلان کیا کہ گجرات میں ان کی پارٹی کو اقتدار ملنے پر اس بات کا تیقن کیا جائے گا کہ چیف منسٹر، وزراء اور ارکانِ مقننہ، سرکاری عہدیدار اگر کرپشن میں ملوث پائے گئے تو انہیں جیل بھیجا جائے۔

کجریوال نے کہا کہ گجرات میں جس سے بھی وہ ملاقات کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہر جگہ کرپشن ہے، کسی بھی سرکاری کام کے لیے رشوت دینا پڑتا ہے۔ اعلیٰ سطح پر اور نچلی سطح پر بھی کرپشن ہے اور اسکامس بھی ہیں۔ جو کوئی اس کے خلاف لب کشائی کرتا ہے اسے دھمکی دی جاتی ہے۔

گجرات میں ہر جگہ کرپشن اور غنڈہ گردی ہے۔ احمد آباد میں ایک اجتماع کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کجریوال نے یہ دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت اس بات کا تیقن کرے گی کہ عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا ہر پیسہ گجرات کی عوام کی خدمت پر صرف کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج وہ اس بات کی گیارنٹی دیتے ہیں کہ گجرات میں عاپ کی حکومت تشکیل دینے پر کرپشن سے پاک حکمرانی کی جائے گی۔ کجریوال نے یہ وعدہ بھی کیاکہ گجرات میں موجودہ وزراء اور سرکاری عہدیداروں کی جانب سے غیرقانونی کاروبار اور اسکامس کی تحقیقات کی جائے گی اور بدعنوان طریقوں سے جمع کردہ دولت برآمد کی جائے گی۔

عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران امتحانی پرچہئ سوالات کے افشاء کے کیس دوبارہ کھولے جائیں گے اور ان واقعات کے پس پردہ منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے گا اور جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی وہ گجرات کا دورہ کرتے ہیں لوگ مختلف اسکامس کے بارے میں بتاتے ہیں۔

بی جے پی حکومت کے دوران تمام بڑے اسکامس کی تحقیقات کی جائے گی اور برآمد ہونے والی رقومات کو اچھے اسکولوں کی تعمیر، برقی سربراہی اور عوامی خدمات پر صرف کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت عوام کے دروازے پر مختلف بہبودی خدمات پہنچانے کا انتظام کرے گی، جیسا کہ دہلی میں کیا گیا ہے۔

حالیہ دنوں میں گجرات کے کئی دوروں کے دوران کجریوال نے ماہانہ تین سو یونٹ مفت برقی، خواتین اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے الاؤنس، مفت اور معیاری طبّی خدمات اور تعلیم کے علاوہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی گیارنٹی دی ہے۔

a3w
a3w