گلابی جماعت کے قائدین کو فائدہ پہنچانے دھرانی پورٹل متعارف: کشن ریڈی
مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے بی آر ایس حکومت پرالزام عائد کیا کہ دھرانی پورٹل کو عوام کیلئے نہیں بلکہ گلابی پارٹی کے لیڈروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے بی آر ایس حکومت پرالزام عائد کیا کہ دھرانی پورٹل کو عوام کیلئے نہیں بلکہ گلابی پارٹی کے لیڈروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل سے عوام کو مسائل کا سامنا ہے۔ دھرانی پورٹل سے صرف گلابی جماعت کے قائدین کو پیروی کرنے کا موقع حاصل ہورہا ہے۔ جی کشن ریڈی نے آج بی جے پی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھرانی پورٹل کی خامیوں کو درست کرنے کیلئے10لاکھ لوگوں نے شکایت درج کروائی ہے۔
پاس بک میں جو غلطیاں ہوئی ہیں اسے درست کرنے کیلئے دھرانی پورٹل میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اس پورٹل کو عوام کے مفاد میں قرار دیا تھا۔
اس پورٹل کے آنے کے بعد عوام کی شکایت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پرگتی بھون میں تنازعات کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے بھی دھرانی پورٹل کے ذریعہ درمیانی لوگوں کی حوصلہ افزائی کئے جانے سے متعلق ریمارک کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے خرچ کرکے پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی پولیس حیدرآباد کو آکر دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کررہی ہے۔
اس سے یہ سنٹر لاعلم رہا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت مجلس کی ہدایت پر چل رہی ہے۔ پرانا شہر میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔