گوگل میاپ پر پرمنزل دیکھنے کے دوران حادثہ، سافٹ ویر انجینئرہلاک
شہر حیدرآباد میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک سافٹ وئیرانجینئر ہلاک اور اس کے دونوں دوست اس وقت زخمی ہوئے جبکہ یہ تینوں راستہ بھول جانے کے بعد گوگل نقشہ پر اپنی منزل تلاش کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک سافٹ وئیرانجینئر ہلاک اور اس کے دونوں دوست اس وقت زخمی ہوئے جبکہ یہ تینوں راستہ بھول جانے کے بعد گوگل نقشہ پر اپنی منزل تلاش کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
یہ حادثہ پی وی این آر اکسپریس وئے پر اس وقت پیش آیا جبکہ یہ تینوں ایک بائک پر جانے کے دوران انہیں احساس ہوا کہ وہ غلط سمت سفرکررہے ہیں۔
22سالہ ایم ایچ این وی ایس چرن جوپوچارم میں ایک سرکردہ آئی ٹی کمپنی میں کام کرتاتھا‘ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔وہ اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ موٹرسیکل (بائک) پر سوار تھا۔
آندھراپردیش کے ضلع کرشنا کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والا چرن‘شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ پوچارم میں ایک مشہور آئی ٹی فرم کاملازم تھا۔وہ‘قریبی ٹاؤن شپ میں اپنے دوستوں کے ساتھ مقیم تھا۔ ویک اینڈ پر تین بائیکس پر 9دوست شہر آئے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ تینوں نئے سکریٹریٹ اورحالیہ نصب امبیڈکرکے مجسمہ کودیکھنے کے لئے شہر آئے تھے۔ ٹینک بنڈپر کچھ وقت گزارنے کے بعد ان تینوں نے کیبل برج دیکھنے کافیصلہ کیا چونکہ یہ تینوں شہر کے راستوں سے واقف نہیں تھے اس لئے انہو ں نے اپنے فون پر گوگل میاپ کھول کر منزل تک پہونچنے کی کوشش کی۔
چرن‘مہدی پٹنم کی سمت بڑھتا گیا اس دوران وہ پی وی این آر پر چڑھ گیا تاہم انہیں بظاہر اس کاعلم نہیں تھا پی وی این آر پر بائکس کاداخلہ ممنوع ہے۔ اس اکسپریس وے پر دوسے تین کیلومیٹر کا فاصلہ طئے کرنے کے بعد تینوں کواس بات کا احساس ہواکہ وہ غلط سمت سفر کررہے ہیں۔
اس دوران چرن نے پلرنمبر 82 پر ریمپ کے ذریعہ نیچے اترنے کے لئے جیسے اپنی بائک کا رخ موڑا تب ایک تیز رفتار کار نے بائک کوٹکر دے دی جس کے سبب چرن شدید زخمی ہوگیا اسے فوری ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔
تاہم وہ اتوار کے روز ہاسپٹل میں زخموں سے جانبرنہ ہوسکا جبکہ اس کے دیگر دو دوستوں کومعمولی چوٹیں آئیں۔اس پی وی این آر اکسپریس وے پر ٹواورتھری وہیلرس کے علاوہ بھاری گاڑیوں کاداخلہ ممنوع ہے۔