گیا میں نئی تاریخ رقم، ایک خاکروب بلدیہ کی ڈپٹی میئر منتخب
بہار کے ضلع گیا میں بلدی انتخابات میں ایک خاتون کو منتخب کرتے ہوئے تاریخ رقم کی گئی ہے، جو گزشتہ 40 سال سے اس دفتر میں خاکروب کے طور پر کام کررہی تھی۔
پٹنہ: بہار کے ضلع گیا میں بلدی انتخابات میں ایک خاتون کو منتخب کرتے ہوئے تاریخ رقم کی گئی ہے، جو گزشتہ 40 سال سے اس دفتر میں خاکروب کے طور پر کام کررہی تھی۔
حالیہ منعقدہ بلدی انتخابات میں چنتا دیوی کو ڈپٹی میئر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایک سنگ میل ہے، جو گیا کے لیے نیا نہیں ہے۔
انتہائی پسماندہ مشاہر برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون بھاگوتی دیوی جو پیشہ سے اسٹون کرشر تھی، اسے 1996ء میں نتیش کمار کی جنتا دل یو کے ٹکٹ پر گیا حلقہ سے لوک سبھا کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
گیا کے نامزد میئر گنیش پاسوان نے بتایا کہ گیا ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ معرفت حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں اور یہی وہ مقام ہے جہاں سے ایک مشاہر خاتون لوک سبھا جاسکتی ہے۔
اس مرتبہ یہاں کے عوام نے چنتا دیوی کو منتخب کرتے ہوئے شاید ساری دنیا کے لیے ایک مثال قائم کی ہے، جو صفائی عملہ کے رکن کی حیثیت سے انسانی غلاظت اپنے سر پر رکھ کر منتقل کرتی تھی۔
اس زمانہ میں یہاں بہت کم بیت الخلاء ہوتے تھے۔ یہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ چنتا دیوی نے صفائی کارکن کے علاوہ اور سبزی فروش کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے۔ سابق ڈپٹی میئر موہن سری واستو نے بھی چنتا دیوی کی حمایت کی اور کہا کہ اس نے الیکشن جیت کر ایک تاریخ رقم کردی ہے۔