ہمیں بھگوان کے آشیرواد کی ضرورت ہے:اروند کجریوال
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کرنسی نوٹوں پردیوی لکشمی اوربھگوان گنیش کی تصاویر شائع کرنے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا۔
نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کرنسی نوٹوں پردیوی لکشمی اوربھگوان گنیش کی تصاویر شائع کرنے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کل وزیراعظم نریندرمودی سے گزارش کی تھی کہ وہ دیوی دیوتاؤں کی تصاویرکے ساتھ نئے کرنسی نوٹ جاری کریں اورکہاتھاکہ ایساکرنے سے ملک کی معیشت کواقتصادی مسائل پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔
آج انہوں نے نریندرمودی کوایک رسمی مکتوب روانہ کیااورکہاکہ میں 130کروڑ ہندوستانیوں کی جانب سے آپ سے درخواست کررہاہوں کہ کرنسی نوٹوں پر مہاتماگاندھی کی تصویر کے ساتھ ساتھ لکشمی اورگنیش کی تصاویر بھی شائع کی جائیں۔
انہوں نے ہندی زبان میں تحریرکردہ اپنے مکتوب میں جسے انہوں نے ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کیا، کہاہے کہ ملک کی معیشت انتہائی بدترین دورسے گزررہی ہے۔ آزادی کے75سال بعد بھی ہندوستان کوترقی پذیر اورغریب ملک کی حیثیت سے جاناجاتاہے۔
ایک جانب شہریوں کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہمیں بھگوان کے آشیروادکی بھی ضرورت ہے تاکہ ہماری کوششیں رنگ لائیں۔ اروندکجریوال نے مزیدکہاکہ کل پریس کانفرنس میں انہوں نے جومطالبہ کیاتھااسے عوام کی زبردست تائید حاصل ہوئی ہے۔ اس تجویزپر لوگ بیحد پرجوش ہیں۔
سبھی یہ چاہتے ہیں کہ اس تجویز کوجلد ازجلد روبہ عمل لایاجائے۔ واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی سربراہ نے جمعرات کے روز کہاتھاکہ لکشمی خوشحالی کی دیوی ہے اوربھگوان گنیش رکاوٹوں کو دورکرتے ہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہاہوں کہ تمام نوٹوں کوتبدیل کریں لیکن ہرماہ جاری ہونے والے تمام نئے نوٹوں پر یہ تصاویر ہونی چاہئے۔
اس تجویزپرعام آدمی پارٹی اورکجریوال پر ان کے حامیوں اورناقدین کی جانب سے تنقیدیں کی جارہی ہیں جو اسے بی جے پی کی سیاست کی نقل کی کوشش کے طورپردیکھ رہے ہیں تاکہ دیگراپوزیشن جماعتوں کوپیچھے چھوڑتے ہوئے بی جے پی کااصل حریف بناجاسکے۔
ہماچل پردیش اورگجرات میں اسمبلی انتخابات قریب ہیں جبکہ دہلی میں بلدی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی بی جے پی کوگھیرنے اوراپنے روایتی اکثریتی رائے دہندوں کی اساس کوبرقرار رکھنے کوشاں ہیں۔