دہلی

آنند شرما نے فہرست رائے دہندگان پر سوال اٹھائے

سی ڈبلیوسی اجلاس میں آنندشرما نے دعویٰ کیاکہ انہیں شکایت ملی ہے کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کیلئے نہ تو کوئی ورچول اور نہ فزیکل میٹنگ ہوئی۔

نئی دہلی: ناراض کانگریس قائد آنندشرما نے اتوار کے دن سی ڈبلیوسی میٹنگ میں اے آئی سی سی صدر کے الیکشن کے لئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے پوچھا کہ آیا اس سلسلہ میں پارٹی کے دستورپر عمل ہورہا ہے یا نہیں۔

 سی ڈبلیوسی اجلاس میں آنندشرما نے دعویٰ کیاکہ انہیں شکایت ملی ہے کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کیلئے نہ تو کوئی ورچول اور نہ فزیکل میٹنگ ہوئی۔ ناراض قائدین کے گروپ23میں شامل آنند شرما نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کسی بھی پردیش کانگریس کمیٹی کو مندوبین کی کوئی فہرست نہیں ملی ہے جوکانگریس صدر کے الیکشن میں ووٹ ڈالیں گے۔

 بزرگ قائد نے ایک ہفتہ قبل پارٹی کی ہماچل پردیش اسٹیرنگ کمیٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ انہوں نے اس وقت کہاتھا کہ مسلسل بے عزتی اور درکنار کئے جانے کی وجہ سے اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنندشرما نے مطالبہ کیاکہ مندوبین کی انتخابی فہرستوں کو منظرعام پر لایاجائے۔

جس پر مدھوسدن میستری نے کہا کہ الیکشن لڑنے والے کسی بھی امیدوار کیلئے اسے دستیاب کرادیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال 9ہزار سے زائد مندوبین ہیں جو کانگریس صدر کے الیکشن میں ووٹ دے سکتے ہیں۔

آج سی ڈبلیو سی کا اجلاس ایسے وقت منعقد ہوا جب پارٹی اپنے سینئرقائدغلام نبی آزاد کے استعفی کے صدمے سے ابھررہی ہے۔ غلام نبی آزاد نے جمعہ کے دن پارٹی چھوڑدی تھی۔

انہوں نے کانگریس کے ساتھ اپنی 50سالہ رفاقت ختم کرتے ہوئے سونیاگاندھی کو 5 صفحات کا مکتوب لکھاتھا جس میں انہوں نے پارٹی کی تباہی کیلئے راہول گاندھی کو ذمہ دار ٹہرایاتھا جنہوں نے ان کے بقول پارٹی کا سارا مشاورتی طریقہئ کار ختم کردیا۔