حیدرآباد

امبیڈکرمجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں مدعونہ کرنے پرگورنرحیرت زدہ

ریاستی گورنرڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے آج کہاکہ بی آرایس حکومت نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکرکے 125فیٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں مجھے مدعو نہیں کیا۔

حیدرآباد: ریاستی گورنرڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے آج کہاکہ بی آرایس حکومت نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکرکے 125فیٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں مجھے مدعو نہیں کیا۔

شہر میں تارناکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن (این آئی این)میں ایک کتاب کی رسم اجرائی تقریب سے ہٹ کر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے کہاکہ مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں شرکت کیلئے مدعونہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے غلطی کی ہے۔

اگر انہیں مدعوکیاجاتاتووہ ضرور اس پروگرام میں شرکت کرتی۔ اس اہم باوقار پروگرام میں گورنر کو مدعونہ کرنے سے یقینا انہیں بے حد حیرانی ہوئی۔ معماردستورامبیڈکرنے خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کیلئے کافی جدوجہد کی تھی۔

اس کے باوجودستم ظریفی یہ ہے کہ گورنر کے باوقار عہدہ پر ایک خاتون فائز ہے تاہم ریاست میں گورنر کے عہدہ کا احترام نہیں کیا جارہا ہے۔

گورنرتمیلی سائی سوندر اراجن نے کہاکہ چونکہ حکومت نے مجسمہ کی نقاب کشائی پروگرام میں مجھے شرکت کی دعوت نہیں دی‘ اس لئے میں نے راج بھون میں ڈاکٹر امبیڈکر کے پورٹریٹ پر پھول چڑھاکر معمار دستور کوخراج پیش کیا۔